آئندہ مالی سال کا وفاقی بجٹ 12 جون کو پیش کیا جائے گا

اسلام آباد(سی این پی) وزیراعظم نے وفاقی بجٹ 12 جون کو پیش کرنے کی منظوری دے دی ، کورونا سے معیشت کو نقصان کی وجہ سے بجٹ اہداف کم کرنیکا فیصلہ کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق آئندہ مالی سال کا وفاقی بجٹ 12 جون کو پیش کیا جائے گا، وزیراعظم عمران خان نے وفاقی بجٹ 12 جون کو پیش کرنے کی منظوری دے دی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت خزانہ کے افسران پر دارالحکومت چھوڑنے پر پابندی عائد کردی ہے جبکہ کورونا سے معیشت کو نقصان کی وجہ سے بجٹ اہداف کم کرنیکا فیصلہ کیا ہے۔وزارت خزانہ کے متعلقہ افسران عید کی تعطیلات پر گھروں کو نہیں جاسکیں گے۔یاد رہے ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا تھا کہ موجودہ حالات کو سامنے رکھ کر نئے بجٹ کی تیاری کر رہے ہیں،حکومت فریقین سے بات چیت کر کے ان کی تجاویز پر غور کریگی، ٹیکس وصولیوں کے نظام میں موجود خامیوں کا خاتمہ چاہتے ہیں،معیشت کو درپیش مشکلات ختم کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے ہیں۔اس سے قبل بجٹ آئوٹ لک سے متعلق مشیر خزانہ حفیظ شیخ کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا تھا ، وزارت خزانہ میں ہونے والے اجلاس میں نئے مالی سال کے بجٹ امور اور کورونا وبا کے اثرات پرغورکیا گیا۔مشیرخزانہ نے کہا کہ معیشت پراثرات کودیکھتے ہوئے مالیاتی ذمہ داری کامظاہرہ کرناہوگا، تمام وزارتیں اورمحکمے معیشت پراثرات کو مدنظررکھتے ہو ئے نئے بجٹ ، دستیاب وسائل کے استعمال اوراخراجات میں کمی کی تجاویز دیں۔مشیرخزانہ نے وفاقی محکموں اور وزارتوں کو اخراجات کم کرنے کیلئے ہدایت کرتے ہوئے کہا سرپلس فنڈز کورونا سے متعلق ضروریات اورسماجی تحفظ کی جانب منتقل کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں