پنجاب کے ٹیچنگ اسپتالوں سے 48 ڈاکٹرز مستعفی

لاہور(سی این پی) پنجاب کے ٹیچنگ اسپتالوں سے 48 ڈاکٹرز نے استعفیٰ دے دیا، مستعفی ہونے والے ڈاکٹرز میں میو اسپتال کے 14 اور جناح اسپتال کے 7 ڈاکٹرز شامل ہیں۔تفصیلات کے مطابق پنجاب ٹیچنگ اسپتالوں سے 48 ڈاکٹرز نے استعفی دے دیا، ہیلتھ کیئر میڈیکل ایجوکیشن نے ڈاکٹرز کے مستعفی ہونے کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا۔میو اسپتال کے 14، جناح اسپتال کے 7، چلڈرن اسپتال لاہور کے 6 اور ڈی جی خان اسپتال کے 4 ڈاکٹرز نے استعفی دیا۔ان کے علاوہ لاہور جنرل اسپتال کے 3، الائیڈ اسپتال فیصل آباد، سول اسپتال بہاولپور، یکی گیٹ اسپتال، سروسز اسپتال اور لیڈی ایچی سن کے 2، 2 ڈاکٹرز مستعفی ہوئے۔کوٹ خواجہ سعید، شاہدرہ ٹیچنگ، گوجرانوالہ ٹیچنگ اسپتال اور میاں منشی اسپتال کے 1، 1 ڈاکٹر نے استعفی دیا۔خیال رہے کہ کرونا وائرس کے خطرات کے پیش نظر ملک بھر کے ڈاکٹرز حفاظتی سامان اور سہولیات مہیا کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں، وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار نے ڈاکٹرز کو 1 ماہ کی اضافی تنخواہ دینے کا بھی اعلان کیا تھا۔دوسری جانب محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ پنجاب کے ڈاکٹرز، نرسز اور طبی عملے میں کرونا وائرس کی شرح سب سے زیادہ ہے، 20 فیصد ڈاکٹرز اور ہیلتھ پروفیشنلز کرونا وائرس سے متاثر ہوئے۔محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ پنجاب میں طبی عملے کے 2 ہزار 940 ٹیسٹ کروائے گئے جس کے بعد طبی عملے کے 562 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔

کیٹاگری میں : صحت

اپنا تبصرہ بھیجیں