برطانیہ،زیر تعلیم انٹرنیشنل اسٹوڈنٹس کا کرونا میں فیسیں منجمد کرنے کا مطالبہ

لندن(سی این پی)برطانیہ میں زیر تعلیم انٹرنیشنل اسٹوڈنٹس نے کرونا وائرس کی وبا کی صورت حال میں مطالبہ کیا ہے کہ ان کی فیسیں منجمد کی جائیں۔تفصیلات کے مطابق لاک ڈائون میں بھی برطانوی یونیورسٹی نے انٹرنیشنل اسٹوڈنٹس سے فیسوں کا مطالبہ کر دیا ہے، دوسری طرف جانب طلبہ نے شکوہ کیا ہے کہ لاک ڈائون کے دوران وہ یونیورسٹی کی سہولیات سے محروم رہے ہیں۔طلبہ کا موقف ہے کہ وبا کے دوران حکومت نے 3 ماہ کے لیے کرائے اور اقساط منجمد کر دی تھیں، لاک ڈائون کے باعث طلبہ ساڑھے تین ماہ کام بھی نہیں کر سکے، ہزاروں پائونڈز فیس ادا کی مگر پڑھائی آن لائن کرتے رہے، اس لیے اب ان کی فیس منجمد کی جائے۔طلبہ نے فیس منجمد کرنے کے لیے پارلیمنٹ کی ویب سائٹ پر پٹیشن بھی دائر کر دی ہے، جس پر 10 ہزار کے قریب افراد نے دستخط کر دیے۔واضح رہے کہ برطانیہ کی بروک یونیورسٹی وبا کے دوران بھی مسلسل بین الاقوامی طلبہ کے لیے اپنے ٹیوشن فیس کے ڈھانچے میں موجود شرائط پر عمل درآمد جاری رکھے ہوئے ہے، فیسوں میں کوئی کمی واقع نہیں ہوئی، بلکہ وبائی صورت حال کے دوران انڈر گریڈ طلبہ کے لیے اوسطا 5 فی صد اور گریڈ طلبہ کے لیے اوسطا 7 فی صد کا اضافہ کیا گیا۔دوسری طرف اگر سب نہیں تو زیادہ تر کورسز آن لائن پڑھائے جا رہے ہیں، اور یہ بات سبھی جانتے ہیں کہ آن لائن کورسز پر لاگت بہت کم آتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں