غزہ کے فلسطینیوں پر مظالم دیکھ کر شدید غصہ اور مایوسی ہے، ملالہ یوسف زئی

لندن(سی این پی)نوبل انعام یافتہ پاکستانی طالبہ ملالہ یوسف زئی کا کہنا ہے کہ گزشتہ 6 ماہ سے غزہ کے فلسطینیوں پر مظالم دیکھ کر شدید غصہ اور مایوسی ہے۔انسٹاگرام پر جاری بیان میں ملالہ یوسفزئی نے کہا کہ غزہ میں نصر اور الشفا اسپتال میں اجتماعی قبروں کی دریافت فلسطینیوں پر ظلم کا ایک اور باب ہے، نہیں معلوم فلسطینی یہ تکالیف کس طرح برداشت کررہے ہیں۔ملالہ یوسف زئی نے کہا کہ ہم مزید لاشیں، اسکولوں پر بمباری اور بھوک سے تڑپتے بچوں کو نہیں دیکھ سکتے، غزہ میں جنگ بندی فوری اور انتہائی ضروری ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ جنگی جرائم اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی پر اسرائیلی حکومت کی مذمت کرتی رہوں گی، اسرائیلی حکومت کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کی کوشش کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔ملالہ یوسف زئی کا کہنا تھا کہ غزہ میں جنگ بندی کرانے، انسانی امداد کی فراہمی کے لیے عالمی رہنماوں پر زور دیتے رہیں گے، قید میں رکھا جائے یا یرغمال، معصوم شہریوں پر کسی بھی قسم کے تشدد کے خلاف ہوں۔انہوں نے مزید کہا کہ غزہ کے عوام سے یک جہتی کے لیے ان کیساتھ ہوں، ان کی آواز اور مطالبات سنے جانے چاہئیں، ہمیں اپنے لیڈرز پر زور ڈالنا چاہیے کہ غزہ میں جنگی جرائم رکوائیں اور ذمے داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں