وزیراعظم سے ای سگریٹس پرپابندی عائد کرنے کی اپیل کرتے ہیں،ثناء اللہ گھمن

راولپنڈی(سی این پی)پاکستان نیشنل ہارٹ ایسوسی ایشن (پناہ ) کے جنرل سیکرٹری ثناء اللہ گھمن نے کہا کہ پناہ کے پلیٹ فارم سے 200ماہرینِ صحت کی جانب سے ای سگریٹ پر پابندی عائد کرنے سے متعلق وزیراعظم عمران خان کو بھجوائی گئی پٹیشن کے باوجود 25فیصد ٹیکس کانفاذ اس اقدام کی عکاسی کرتاہے کہ صحت پالیسی حکومت کی ترجیح نہیں ،وزیراعظم سے اپیل کرتے ہیںکہ ای سگریٹ پرپابندی عائد کرکے قوم کی صحت کومحفوظ بنایاجائے۔پناہ کی جانب سے منعقدکیے جانے والے اجلاس میں ثناء اللہ گھمن نے ممبران کوبتایاکہ ای سگریٹ پرپابندی عائد کرناوقت کی ضرورت ہے ،صحت اورتعلیم حکومت اورعوام کی بنیادی ترجیح ہے ،آپ کا عمل آپ کی سمت کا تعین کرتا ہے،حکومت کوچاہیے کہ عوام اوربالخصوص نوجوان نسل کواس نشہ آور ڈیوائس ویپنگ اورای سگریٹس کی لت سے بچانے کے لئے اس پرفوری پابند ی عائد کرے ، ا ی سگریٹس تک بچوں کی رسائی نہایت آسان ہے ، بچے والدین سے چھپاتے ہوئے اس کو بیگ میں ڈال کر سکول اور کالج وغیرہ آسانی سے لے جا تے ہیں اور فارغ اوقات میں اس کو استعمال کرکے اپنی زندگیوں کودائو پرلگاتے ہیں،افسوس ناک امریہ ہے کہ ای سگریٹ استعمال کرنے والوں میں سب سے زیادہ تعداد سکولوں اور کالجوں کے کم عمر بچوں کی ہے ،اوریہ نشہ کی طرف پہلاقدم ہے ،انہوں نے مزید بتایا کہ امریکن اسکول آف روچسٹرر میڈیکل سنٹر کے ماہرین کی تحقیق کے مطابق،ای سگریٹ میں استعمال ہونے والےflavorsسے انسانی جسم میں سفیدخلیہ جات تباہ ہو جاتے ہیں، ای سگریٹ کے مختلف فلیورز میں پائے جانے والے کیمیکلز سے ہارٹ اٹیک، کینسر، ڈی این اے ،خواتین میں حمل کومتاثرکرنے کے ساتھ ساتھ سانس کی بیماری اوراعصابی کمزوری جیسے امراض پیدا کرتے ہیں۔گلوبل سینٹرفارگڈگورننس ان ٹوبیکوکنٹرول کی 24فروری 2020کی رپورٹ کے مطابق 41ممالک میں ای سگریٹس کی فروخت پرپابندی عائدہے ،جب کہ پاکستان کاشمار ان 66ممالک میں ہے جہاں ای سگریٹ کے استعمال پرکسی طرح کی پابندی عائد نہیں ،اگر ای سگریٹ کو ملک میں قانونی حیثیت مل گئی تو یہ نوجوان نسل کے مستقبل کے ساتھ بہت بڑا ظلم ہوگا،پہلے ہی تمباکو کی وجہ سے صحت کے اخراجات 190ارب سے تجاوز کر چکے ہیں،اگر ای سگریٹ پرپابندی عائد نہ کی گئی تواس میں مزید اضافہ ہوگا،
وزیراعظم عمران خان سے اپیل کرتے ہیں کہ ای سگریٹ کے امپورٹ ، ایکسپورٹ اور فروخت پر مکمل پابندی عائد کرکے اپنی نئی نسل کے مستقبل کو محفوظ بنایا جائے۔

کیٹاگری میں : صحت

اپنا تبصرہ بھیجیں