خنجراب کے راستے پاکستان اور چین کے درمیان تجارت بحال

اسلام آباد(سی این پی)مشیر تجارت عبد الرزاق دائود کا کہنا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان تجارت خنجراب کے راستے عارضی طور پر بحال ہوگئی ہے، دونوں ممالک کے درمیان تجارت کرونا وائرس کی وجہ سے معطل ہوگئی تھی۔تفصیلات کے مطابق مشیر تجارت عبد الرزاق دائود نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین میں خنجراب کے راستے سے تجارت بحال ہوگئی ہے، خنجراب کے راستے تجارت کی بحالی عارضی ہے۔مشیر تجارت کا کہنا تھا کہ تاجر برادری خصوصا گلگت بلتستان کے تاجر طویل عرصے سے تجارت کی بحالی کا مطالبہ کر رہے تھے، جس میں کرونا وبا کے باعث تعطل پیدا ہوگیا تھا۔انہوں نے کہا کہ تجارت کی بحالی وزارت تجارت کی انتھک کوششوں کا تنیجہ ہے جنہوں نے چینی حکام اور دیگر شراکت داروں کے ساتھ کام کیا۔خیال رہے کہ پاکستان کو کچھ عرصہ قبل چینی بینکوں سے 1.3 ارب ڈالر موصول ہوئے تھے، رقم ترقیاتی فنڈ، کرونا وائرس سے نمٹنے اور غیر ملکی ادائیگیوں کے لیے ملی تھی۔اسٹیٹ بینک کو 23 جون سے 30 جون تک 23 ارب ڈالر موصول ہو چکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں