بھارت میں غنڈہ راج،بیٹی کو چھیڑنے سے منع کرنے والے شخص کا بہیمانہ قتل

مراد آباد(سی این پی) بھارت میں بیٹی کو چھیڑنے سے منع کرنے پر سفاک ملزمان نے 45سالہ شخص کو تشدد کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا، پولیس نے کافی تاخیر کے بعد دبائو پر7 ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کیا۔تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر مراد آباد میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے جس میں اپنی 14سالہ نابالغ بیٹی کو چھیڑنے سے منع کرنے پر 45 سالہ باپ کو مبینہ طور پر ملزم کے دوستوں اور اہل خانہ نے تشدد کرکے مار ڈالا۔اس حوالے سے میڈیا کا کہنا ہے کہ بچی کے والد کو مبینہ طور پر نوجوان، اس کے دوستوں اور اہل خانہ نے بہیمانہ تشدد کرکے مار ڈالا۔ یہ واقعہ منگل کی شام کو مہیش پورہ گائوں میں پیش آیا۔ مقتول مہلوک ہری اوم ملزم رنویر کے گھر والوں سے یہ شکایت کرنے گیا تھا کہ وہ ان کی 14 سالہ بیٹی کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرتا ہے۔شکایت کرنے پر 24 سالہ رنویر نے اپنے دوستوں وکاس (23 سال)، شرما یادو (24 سال)اور امر سنگھ (26 سال)کے ساتھ ساتھ خاندان کے دیگر اراکین کے ساتھ مل کر ہری اوم کو اینٹوں اور ڈنڈوں سے بے رحمی سے مارا۔ تشدد کی وجہ سے ہری اوم طرح زخمی ہوگیا اور گزشتہ روز اسپتال میں دم توڑ دیا۔میڈیا ذرائع سے موصول ہو نے والی اطلاعات کے مطابق سات ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے اور رنویر کے ساتھ ساتھ اس کے دوستوں وکاس، شرما یادو اور امر سنگھ کو گرفتار کیا گیا ہے۔سینئر پولس سپرنٹنڈنٹ مراد آباد، پربھاکر چودھری نے میڈیا کو بتایا کہ یہ پتہ چلا ہے کہ دونوں خاندان آپس میں رشتہ دار ہیں اور ان کے درمیان کچھ تنازع بھی چل رہا تھا۔ایس پی سٹی امت کمار آنند نے کہا کہ ہری اوم کی موت کے بعد ان کے گھر والوں اور کچھ مقامی لوگوں نے پولس اسٹیشن کے باہر دھرنا دیا، مقامی پولس کی جانب سے لاپروائی سامنے آئی ہے کیونکہ پولیس کارروائی میں تاخیر ہوئی تھی، اس حوالے سے مزید تفتیش کا حکم دے دیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں