سردی میں اضافہ،گیس بحران میں شدت،پنجاب کی صنعتوں کو گیس فراہمی بند

لاہور(سی این پی)سردیوں کی آمد کے ساتھ ہی پنجاب میں گیس کا بحران شدت اختیار کر گیا جس کے بعد تمام صنعتوں کو گیس کی فراہمی فوری طور پر بند کردی گئی۔تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب میں گیس کا بحران شدت اختیار کر گیا۔ تمام انڈسٹریز کو گیس کی فراہمی فوری طور پر بند کردی گئی۔سوئی ناردرن گیس کمپنی کا شارٹ فال 115 ملین کیوبک فٹ (ایم ایم سی ایف) ہوگیا، گیس کی طلب 2 ہزار 218 ایم ایم سی ایف اور رسد 2 ہزار 103 ایم ایم سی ایف ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ برآمدی صنعت کو گیس ترجیحی بنیادوں پر فراہم کی جائے گی، سی این جی اسٹیشنز کو گیس فراہمی فوری طور پر معطل کردی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق گیس بندش کا فیصلہ کمپنی حکام اور وفاقی حکومت کے نمائندوں کے اجلاس میں ہوا، حکام کا مزید کہنا ہے کہ انڈسٹری کو گیس بندش کا مقصد گھریلو صارفین کو گیس پریشر بحال رکھنا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز سوئی گیس بحران پر وفاقی حکومت اور سوئی ناردرن گیس کمپنی حکام کا اجلاس ہوا تھا۔ اجلاس میں سوئی ناردرن گیس کمپنی نے حکومت کو گیس بحران سے آگاہ کیا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ لاہور کو 310 ایم ایم سی ایف کے بجائے 270 ایم ایم سی ایف گیس مل رہی ہے، گیس فراہمی میں کمی کی وجہ سے مختلف علاقوں میں کم پریشر کی شکایات عام ہوگئی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں