ایف بی آر کسٹمز ریجن (نارتھ)نےگزشہ ماہ کسٹمز ڈیوٹی کی مد میں 16 فیصد زائد وصولیاں کیں

اسلام آباد (سی این پی) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے کسٹمز ریجن (نارتھ) نے نومبر 2019ءکے دوران کسٹمز ڈیوٹی کی مد میں 16 فیصد زائد وصولیاں کی ہیں، رواں سال نومبر مےں کسٹمز ڈیوٹی کی مد میں 2173 ملین روپے کی وصولی ہوئی جبکہ نومبر 2018ءکے دوران محصولات کا حجم 1876 ملین روپے رہا تھا‘ اس طرح نومبر 2018ءکے مقابلے میں نومبر 2019ءکے دوران 297 ملین روپے (16 فیصد) زائد وصولیاں کی گئیں۔ کسٹمز کے اعداد و شمار کے مطابق نومبر 2019ءکے دوران سیلز ٹیکس کی مد میں 2485 ملین روپے کے محصولات ہوئے ہیں جبکہ نومبر 2018ءمیں سیلز ٹیکس محصولات کا حجم 1779 ملین روپے رہا تھا۔ اس طرح نومبر 2018ءکے مقابلے میں نومبر 2019ءکے دوران سیلز ٹیکس محصولات میں 40 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق کسٹمز ریجن نارتھ نے نومبر 2019ءکے دوران ٹیکس وصولیوں کے ہدف سے 7 فیصد زیادہ ٹیکسز وصولیاں کی ہیں اور اس دوران 5916 ملین روپے کے محصولات ہوئے ہیں جبکہ نومبر 2019ءکے لئے محصولات کا ہدف 5530 ملین روپے تھا۔ دوسری جانب نومبر 2018ءکے دوران 4620 ملین روپے کی ٹیکس وصولیاں کی گئی تھیں۔اس طرح نومبر 2018ءکے مقابلے میں نومبر 2019ءکے دوران کسٹمز ریجن نارتھ نے 1296 ملین ( 28 فیصد) زیادہ ٹیکس وصولیاں کی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں