عالمی تجارتی نمائش میں پاکستانی کمپنیاں بھرپور شرکت کریں گی

اسلام آباد (سی این پی) چار روزہ عالمی تجارتی نمائش ”ٹیکس ورلڈ’ اپیرل سورسنگ اینڈ لیدر ورلڈ 2020ء ” پیرس میں پاکستانی کمپنیاں بھرپور شرکت کریں گی’ عالمی نمائش میں شرکت سے یورپی منڈیوں تک رسائی کے فروغ سے قومی برآمدات کے اضافہ میں مدد ملے گی۔ عالمی تجارتی نمائش آئندہ سال 10 تا 13 فروری 2020ء کو فرانس کے دارالحکومت پیرس میں منعقد ہوگی۔ پیرس کو دنیا بھر میں فیشن کا بڑا مرکز سمجھا جاتا ہے‘ نمائش میں شرکت سے یورپ میں پاکستانی مصنوعات کی فروخت میں خاطر خواہ اضافہ کیا جاسکے گا۔ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی) چار روزہ عالمی تجارتی میلے میں شرکت کرنے والی مقامی کمپنیوں کی سہولت کے لئے نمائش میں پاکستان پویلین بنانے کی منصوبہ بندی کررہی ہے۔ برآمد کنندگان نے کہا ہے کہ عالمی نمائش میں شرکت سے یورپی منڈیوں کی طلب اور ضروریات سے آگاہی ہوگی جس سے قومی برآمدات کی فروغ میں مدد ملے گی۔ ٹی ڈی اے پی کے حکام نے کہا ہے کہ عالمی نمائش میں کپڑے’ ڈینم ‘ ایکو فرینڈلی فیبرکس ‘ ڈراپری’ ایمبرائیڈری ‘ سپورٹس ویئرز کی مصنوعات کے ساتھ ساتھ سلک اور خواتین کے ملبوسات اور چمڑے کی مصنوعات کے علاوہ دیگر کئی فیشن مصنوعات کی نمائش کی جائے گی۔ واضح رہے کہ رواں سال فروری 2019ء میں منعقد ہونے والی عالمی تجارتی نمائش میں 26 ممالک کی 1153 کمپنیوں نے اپنے سٹالز پر مصنوعات کی نمائش کی تھی جبکہ دنیا بھر کے 110 سے زائد مملک سے تعلق رکھنے والے 13ہزار 292 تجارتی وفود نے شرکت کی تھی۔ نمائش میں پاکستان سمیت فرانس ‘سپین ‘ برطانیہ ‘ ترکی ‘ اٹلی ‘ جرمنی ‘ امریکہ ‘ برازیل اور ہالینڈ کے علاوہ دیگر کئی ممالک کی شرکت متوقع ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں