کوئٹہ، زیارت اور قلات میں برفباری کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری

کوئٹہ(سی این پی)کوئٹہ، زیارت اور قلات میں برفباری کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری ہے جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا، راستوں کی بندش سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ شگر اور سکردو میں بھی پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی، وادیاں حسین منظر پیش کررہی ہیں۔آسمان سے برستی چاندی نے پہاڑوں پر ہر منظر حسین بنا دیا، کوئٹہ میں برفباری کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری ہے جس سے سردی کی شدت بڑھ گئی۔ شہری خوبصورت موسم کو خوب انجوائے کر رہے ہیں۔ زیارت، قلات، مسلم باغ، قلعہ عبد اللہ اور چمن میں بھی برفباری ہوئی جس سے کوژک ٹاپ، کان مہترزئی سمیت ملحقہ علاقوں میں قومی شاہراہیں بند ہو گئیں، سڑکیں بند ہونے سے شہریوں کو مشکلات درپیش ہیں۔شگر میں بھی سفید چادر بچھی ہے، وادی میں درجہ حرات نقطہ انجماد سے مزید گر گیا، اب تک علاقے میں ایک فٹ سے زائد برف پڑ چکی ہے۔ رابطہ سڑکیں بھی بند ہیں۔ سکردو میں بھی روئی کے گالے برسنے سے لوگ گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے۔ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی ہے۔ محکمہ موسمیات نے کل اسلام آباد، لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بادل برسنے کی پیشگوئی کی ہے۔ خیبر پختونخواہ ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں اکثر مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر مزید برفباری کا امکان ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں