عمران خان نے ملک میں ٹیکس وصولیوں کو تحریک کی شکل دی، فردوس عاشق اعوان

اسلام آباد(سی این پی) وزیر اعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ عمران خان وہ پہلے وزیر اعظم ہیں جنہوں نے ملک میں ٹیکس وصولیوں کو ایک تحریک کی شکل دی اور ٹیکس نظام میں اصلاحات پر کام شروع کیا۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی کو مخاطب کیا۔اپنے ٹویٹ میں معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ سعید غنی صاحب آپ کی لاعلمی پر افسوس ہے، قوم کا مال لوٹنے اور جھوٹے اعداد و شمار پر معیشت چلانے والوں کو یہ بھی علم نہیں کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ٹیکس وصولیوں میں اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال کی ششماہی میں حاصل کردہ ٹیکس 2085 ارب ہیں جو پچھلے سال کے مقابلے میں 16.4 فیصد زیادہ ہے۔معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ درآمدات کی تعداد 21 فیصد کم ہوئی جبکہ داخلی ٹیکسوں یعنی انکم ٹیکس، سیلز ٹیکس اور ایکسائز ڈیوٹی میں بالترتیب 21.2 فیصد، 34 فیصد اور 25.6 فیصد اضافہ ہوا۔انہوں نے کہا کہ اسمارٹ فونز کے ذریعے سالانہ گوشوارے جمع کروانے کے لیے ٹیکس آسان ایپ متعارف کروایا گیا۔فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ عمران خان وہ پہلے وزیر اعظم ہیں جنہوں نے ملک میں ٹیکس وصولیوں کو ایک تحریک کی شکل دی اور ٹیکس نظام میں اصلاحات پر کام شروع کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ ایف بی آر کے پورٹل پر لوگوں کے سفر، زمین کے لین دین، ود ہولڈنگ اور گاڑیوں سے متعلق تفصیلات میسر ہیں۔ اس سال 105 ارب کے ری فنڈ جاری ہوئے، پچھلے سال 36 ارب کے ری فنڈ جاری ہوئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں