سردار سلیم پنجاب، فیضل کریم کنڈی خیبرپختونخوا اور خان مندوخیل گورنر بلوچستان تعینات

پنجاب اور خیبرپختونخوا میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے نامزد سردار سلیم حیدر اور فیصل کریم کنڈی کو گورنر تعینات کردیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے پنجاب، خیبر پختونخواہ اور بلوچستان کے گورنرز کی تقرری کی منظوری دے دی۔صدر مملکت نے سردار سلیم حیدر خان کی بطور گورنر پنجاب جب کہ فیصل کریم کنڈی کی بطور گورنر خیبر پختونخوا تعیناتی کی بھی منظوری دے دی۔اس کے علاوہ صدر مملکت نے جعفر  خان مندو خیل کی بطور گورنر بلوچستان تعیناتی کی بھی منظوری دی۔

صدر مملکت نے گورنرز کی تعیناتی کی منظوری آئین کے آرٹیکل 101 (ایک) کے تحت دی ہے۔یاد رہے کہ ان سے قبل مسلم لیگ (ن) کے رہنما بلیغ الرحمٰن بطور گورنر پنجاب جب کہ جے یو آئی (ف) کے نامزد کردہ حاجی غلام علی خیبر پختونخوا میں اسی عہدے پر خدمات انجام دے رہے تھے۔باوثوق ذرائع کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والے نئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر اس سے قبل 2008 میں اٹک سے پیپلزپارٹی کے ٹکٹ پر رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔

وہ 2008 میں وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی کابینہ میں وزیر دفاعی پیداوار بھی رہ چکے ہیں۔اسی طرح خیبرپختونخوا میں کے نئے گورنر فیصل کریم کنڈی 2008 کی قومی اسمبلی میں ڈپٹی اسپیکر رہ چکے ہیں جبکہ وہ پی ڈی ایم کی حکومت میں وزیراعظم کے مشیر کے طور پر کام کر چکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں