کشمیر میں تباہ کن سردی، بارش اور برفباری کی پیشگوئی، کئی علاقے آفت زدہ قرار

اسلام آباد / لاہور/ کوئٹہ (سی این پی)ملک بھرمیں خون جما دینے والی سردی اور برفباری نے سب پر کپکپی طاری کردی، محکمہ موسمیات کی کشمیر میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی ہے، پنجاب میں موٹر وے کی بندش روز کا معمول بن گئی۔تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں شدید سردی کی لہر برقرار ہے، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ضلع نیلم، وادی لیپہ اور ضلع حویلی کے علاقے بھیڈی کو آفت زدہ قرار دیدیا گیا ہے۔ وادی میں برفبانی تودوں تلے دب کر جاں بحق افراد کی تعداد اناسی ہوگئی۔ متاثرہ علاقوں میں پاک فوج اور ریسکیو ٹیموں کا امدادی کام بدستورجاری ہے۔برفباری اورشدید سردی نے نظام زندگی درہم برہم کردیا۔ متعدد علاقوں کا زمینی رابطہ بدستور منقطع ہے۔اسکردو میں درجہ حرارت منفی اکیس تک گر گیا، اسکردو ائیرپورٹ پر فضائی آپریشن بحال کردیا گیا ہے۔بلوچستان میں بھی موسم شدید سرد ہے۔کوئٹہ سمیت بلوچستان میں خون جما دینے والی سردی سے نظام زندگی متاثر ہوگیا، کوئٹہ میں درجہ حرارت منفی آٹھ ریکارڈ کیا گیا۔ قلات، زیارت، قلعہ سیف اللہ،چمن، مستونگ میں شدید سردی سے معمولات زندگی متاثر ہیں۔اس کے علاوہ پنجاب بدستور دھند کی لپیٹ میں ہے۔ موٹر وے کی بندش روز کا معمول بن گیا۔ لاہور سمیت پنجاب کے میدانی علاقے رات اور صبح کو دھند میں گم ہونے سے موٹرویز کے کئی سیکشنز بند کرنے پڑے، بہاولنگر، حبیب آباد، رینالہ خورد، اوکاڑہ، ساہیوال،ہڑپہ میں دھند نے آمدورفت مشکل کردی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں