ٹیکس کہیں بھی خوشی سے نہیں دیا جاتا نظام کو بہتر بنانا ہوگا،شبرزیدی

اسلام آباد(سی این پی) چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی کا کہنا ہے کہ کسی بھی معاشرے میں ٹیکس خوشی سے نہیں دیا جاتا، ہمیں ٹیکس نیٹ سسٹم کو بہتر بنانا ہوگا۔تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین شبر زیدی نے آل پاکستان چیمبرز سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تاجروں اور صنعت کاروں کے مسائل سے آگاہ ہیں، دیکھنا ہے کہ ٹیکس وصولیاں کہاں تک لے جانی ہیں۔شبر زیدی کا کہنا تھا کہ ٹیکس لحاظ سے مینوفیکچرنگ، سروس، زراعت اور ریٹیل 4 شعبے ہیں، ہر شعبے کا 25 فیصد تک ٹیکس میں حصہ بنتا ہے، ٹیکس وصولیوں میں 70 فیصد حصہ مینوفیکچرنگ کا ہے، دیگر تین شعبوں کی ٹیکس وصولیاں کم ہیں۔چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ سارا بوجھ ٹیکسوں کا مینوفیکچرنگ کے شعبے پر ہے، لوگ ٹیکس بوجھ کی وجہ سے مینوفیکچرنگ سے بھاگ رہے ہیں، یا تو ٹیکس چوری کی جاتی ہے یا پھر مینوفیکچرنگ کو چھوڑا جا رہا ہے۔شبر زیدی کا کہنا تھا کہ کسی بھی معاشرے میں ٹیکس خوشی سے نہیں دیا جاتا، ہمیں ٹیکس نیٹ سسٹم کو بہتر بنانا ہوگا۔یاد رہے کہ گزشتہ روز چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی کا کہنا تھا کہ چھوٹے تاجروں کے مسائل بہت زیادہ ہیں، کچھ ہماری خامیاں ہیں اور کچھ کلچر کا بھی رول ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں