پاکستان کاافغانستان کوبرآمدات کا سالانہ حجم 1.35 ارب ڈالر تک کم ہو گیا

اسلام آباد (سی این پی)گزشتہ 7 سال کے دوران افغانستان کو کی جانے والی ملکی برآمدات میں 50 فیصد کی کمی ہوئی ہے جبکہ سال 2003 کے بعد افغانستان سے کی جانے والی درآمدات میں ہر سال اضافہ ہو رہا ہے۔ پاکستان بزنس کونسل (پی بی سی)کی رپورٹ کے مطابق سال 2011 کے بعد سے افغانستان کو کی جانے والی ملکی برآمدات میں مسلسل کمی کے رجحان سے برآمدات کا سالانہ حجم 1.35 ارب ڈالر تک کم ہو گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق پاکستان افغانستان کو انجینئرنگ مصنوعات اور آٹو پارٹس کی برآمدات میں نمایاں اضافہ کر سکتا ہے اور افغان درآمدی منڈی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے ان مصنوعات کی برآمدات کو 354 ملین ڈالر تک بڑھایا جا سکتاہے جن کا موجودہ حجم 269 ملین ڈالر ہے۔ پی بی سی نے افغانستان سمیت خطے کے دیگر ممالک کے ساتھ دو طرفہ تجارت کے فروغ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ باہمی تجارتی رابطوں میں اضافہ سے خطے کی معاشی مشکلات پر قابو پایا جا سکتا ہے جبکہ اس سے قومی برآمدات میں بھی خاطر خواہ اضافہ کیا جا سکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں