رواں مالی سال کے ابتدائی 2 ماہ کے دوران گاڑیوں کی فروخت میں9 ہزار 126 یونٹس تک کم ہو گئی

اسلام آباد (سی این پی)رواں مالی سال 2019-20 کے ابتدائی 2 ماہ جولائی اور اگست کے دوران کاروں کی فروخت میں 41.3 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے اور اس دوران 20 ہزار 94 یونٹس فروخت کئے گئے ہیں جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران کاروں کی فروخت 34 ہزار 264 یونٹس رہی تھی۔ پاکستان آٹو موٹو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پاما)کے اعداد وشمار کے مطابق اگست 2019 کے دوران کاروں کی فروخت9 ہزار 126 یونٹس تک کم ہو گئی جبکہ اگست 2018 کے دوران 15 ہزار 389 کاریں فروخت کی گئی تھیں۔
اعداد و شمار کے مطابق جاری مالی سال میں کاریں تیار کرنے والی تینوں بڑی کمپنیوں سوزوکی، ہنڈا اور ٹویوٹا کی فروخت میں نمایاں کمی کا رجحان رہا ہے اور جولائی واگست 2019 کے دوران سوزوکی ویگن آر کی فروخت میں 71.5 فیصد کی سب سے زیادہ کمی واقع ہوئی ہے۔اسی طرح ہنڈا کی تیار کردہ سوک اور سٹی کاروں کی فروخت گزشتہ سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں 68 فیصد تک کم ہو گئی۔پاما کے مطابق ٹویوٹا کرولا کی فروخت میں بھی 57.7 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ بی ایم اے کیپیٹل کی تجزیاتی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال 2019-20 کی دوسری سہ ماہی کے دوران بھی کاروں کی فروخت میں کمی کا خدشہ ہے جبکہ گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں جاری مالی سال کے اختتام تک اندرون ملک تیار کی گئی کاروں کی فروخت میں 15 فیصد تک کی کمی کا امکان ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں