رواں مالی سال کے ابتدائی 2 ماہ کے دوران تجارتی خسارہ میں 38 فیصدکمی

اسلام آباد(سی این پی)رواں مالی سال 2019-20 کے ابتدائی 2 ماہ جولائی اور اگست کے دوران ملک کے تجارتی خسارہ میں 38 فیصدکی نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ جولائی و اگست 2019 کے دوران تجارتی خسارہ 3.973 ارب ڈالر تک کم ہو گیا ہے جبکہ جولائی و اگست 2018 کے دوران تجارتی خسارے کا حجم 6.37 ارب ڈالر رہا تھا۔ اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں جاری مالی سال کے ابتدائی 2 ماہ کے دوران ملک کے تجارتی خسارہ میں 2.397 ارب ڈالر یعنی 37.62 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔سٹیٹ بینک آف پاکستان ( ایس بی پی)اور ادارہ شماریات پاکستان (پی بی ایس)کے غیر حتمی اعداد وشمار کے مطابق اگست 2019 کے دوران تجارتی خسارہ میں 42.25 فیصد کی کمی سے تجارتی خسارے کا حجم 1.848 ارب ڈالر تک کم ہو گیا جبکہ اگست 2018 کے دوران پاکستان کو 3.20 ارب ڈالر کے تجارتی خسارے کا سامنا رہا تھا۔وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی)کی حکومت نے جون 2020 تک تجارتی خسارے کو 27.47 ارب ڈالر تک کم کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔اعداد وشمار کے مطابق گزشتہ مالی سال 2018-19 کے دوران ملک کے تجارتی خسارہ میں 15.33 فیصد کی کمی ہوئی اور تجارتی خسارہ 31.82 ارب ڈالر رہا۔ حکومت کی جانب سے غیر ضروری اور پر تعیش اشیا کی درآمدات پر عائد پابندی کے نتیجہ میں قومی درآمدات میں نمایاں کمی کا رجحان رہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق جولائی اور اگست 2019 کے دوران مجموعی قومی درآمدات میں 21.74 فیصد کی کمی سے درآمدات کا حجم 7.659 ارب ڈالر تک کم ہو گیا جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران مجموعی قومی درآمدات کا حجم 9.787 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں