سستی بجلی ، وزیرتوانائی عمر ایوب نے خوشخبری سنادی

اسلام آباد(سی این پی)وزیرتوانائی عمر ایوب خان کا کہنا ہے کہ ماحول دوست قابل رسائی سستی توانائی سب کا حق ہے، بجلی کے نرخ وقت کے ساتھ ساتھ کم کررہے ہیں ، توانائی شعبے میں 100 ارب ڈالر سرمایہ کاری کے مواقع ہیں۔تفصیلات کے مطابق وزیرتوانائی عمر ایوب خان نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا حکومت نے توانائی کے شعبے کوخصوصی اہمیت دی ہے، ملکی معیشت اورترقی کا دارومدارتوانائی کے شعبے سے ہے، ماحول دوست قابل رسائی سستی توانائی سب کا حق ہے۔وزیرتوانائی کا کہنا تھا کہ آج75فیصدبجلی درآمدشدہ ایندھن سے بن رہی ہے، توانائی کے وسائل کے حصول کیلئے بھاری زرمبادلہ استعمال ہورہا ہے، سستے انرجی مکس پرتوجہ دے رہے ہیں تاکہ صنعتوں کوسستی بجلی ملے، بجلی کے نرخ وقت کے ساتھ ساتھ کم کررہے ہیں۔عمر ایوب خان نے کہا 2025 تک25 فیصد اور 2030تک 35 فیصد بجلی آبی وسائل سے حاصل ہوگی، قابل تجدیدتوانائی کے حوالے سے منصوبے اس کے علاوہ ہوں گے، ان اقدامات سے روزگار کے مواقع ملیں گے اور معیشت مستحکم ہوگی۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے ماحول سازگار ہوا ہے، توانائی شعبے میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع ہیں، معیشت کودستاویزی شکل دینے کیلئے اقدامات کئے گئے ہیں، توانائی کے شعبے کی بہتری کیلئے نئی انرجی پالیسی لارہے ہیں، توانائی شعبے میں 100 ارب ڈالر سرمایہ کاری کے مواقع ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں