سندھ میں کرفیو بھی لگایا جاسکتا ہے، ناصر شاہ

کراچی(سی این پی)صوبائی وزیر اطلاعات ناصر شاہ نے عوام کی جانب سے لاک ڈائون کو سنجیدہ نہ لینے کی صورت میں کرفیو نافذ کرنے کا اشارہ دے دیا۔نجی ٹی وی کے مطابق ناصر شاہ نے کہا کہ عوام حکومت کی ہدایات پر عمل نہیں کریں گے تو کرفیو لگایا جاسکتا ہے، حکومت عوام کی بھلائی کے لیے کرفیو کی تجویز پر غور کرسکتی ہے۔دوسری جانب وزیراعلی سندھ مراد شاہ کی زیرصدارت اہم اجلاس جاری ہے جس میں ناصر شاہ، سعید غنی، مرتضی وہاب اور دیگر ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہیں۔اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ مجھے فکر ہے کہ کسی کا چولہا بند نہیں ہونا چاہیے، مخیر حضرات غریب مستحق افراد کی مدد کریں، ہمیں ایک دوسرے کو سنبھالنا ہے۔ واضح رہے کہ سندھ حکومت نے 22 مارچ کی رات 12 بجے سے صوبے بھر میں 15 روز کے لیے لاک ڈائون کردیا ہے جس کے تحت کسی بھی شہری کو غیر ضروری طور پر باہر نکلنے کی اجازت نہیں ہوگی، کسی بھی کام سے نکلنے کی صورت میں شہری کو شناختی کارڈ ساتھ رکھنا ہوگا جس کا اندراج سیکیورٹی اہلکار کریں گے کہ آیا مذکورہ شہری کتنے دن میں، کتنی مرتبہ اور کس کام سے گھر سے باہر نکلا۔لاک ڈائون کے دوران میڈیکل اسٹورز اور کریانہ کی دکانیں کھلی رہیں گے۔لاک ڈائون کے دوران شہریوں کی جانب سے حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کی گئی جس کے باعث پولیس نے کئی شہریوں کو موقع پر سزا دی اور سیکڑوں کو گرفتار کرلیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں