حکومت کو آئی ایم ایف سے ازسرنو مذاکرات کرنے چاہئیں،بلاول بھٹو

اسلام آباد(سی این پی) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حکومت کو عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف)کے ساتھ ڈیل پر دوبارہ مذاکرات کرنے چاہئیں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے کچھ وقت سے یہ موقف اپنایا ہوا ہے کہ وفاقی حکومت کو آئی ایم ایف سے اپنی ڈیل پر دوبارہ مذاکرات کرنے چاہئیں۔چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ موجودہ دور میں پاکستان کو کورونا وائرس جیسی عالمی وباء کا سامنا ہے ۔ایسے حالات کے پیشِ نظر حکومت کو آئی ایم ایف سے نئی شرائط کے تحت دوبارہ مذاکرات کرنے چاہئیں۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کورونا وائرس ایک عالمی وباء ہے جس نے پوری دنیا کو متاثر کیا اور عالمی معیشت پر گہرے اثرات مرتب کیے۔ حکومت کو ہر حال میں عالمی ادارے سے مذاکرات نئے سرے سے کرنا ہوں گے۔یاد رہے کہ اس سے قبل بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف)کی ٹیم نے پاکستان کے ساتھ پالیسی مذاکرات کیے جس کے دوران عالمی وفد حکومتی کارکردگی سے نالاں نظر آیا۔فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)کی طرف سے ٹیکس وصولیوں میں خاطر خواہ اضافہ نہ لایا جاسکا جس پر آئی ایم ایف وفد نے نان ٹیکس ریونیو میں اضافے کی تجویز دی۔ایف بی آر کی طرف سے ٹیکس محصولات کے ہدف میں کمی کی درخواست سامنے آنے پر آئی ایم ایف وفد کے اراکین گزشتہ ماہ خوش نظر نہیں آئے ۔معاشی ٹیم نے نان ٹیکس ریونیو کے لیے نقصان دہ اداروں کی نجکاری کا عندیہ دے دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں