امریکا کروناوائرس کے خلاف لڑائی میں پاکستان کیساتھ کھڑا ہے،امریکی سفیر

اسلام آباد(سی این پی) پاکستان میں امریکی سفیر پال جانز نے کہا کہ امریکا کروناوائرس کے خلاف لڑائی میں پاکستان کیساتھ کھڑا ہے۔تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر امریکی سفیر پال جانز نے پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے کہا کہ امریکا کرونا وائرس کے خلاف پاکستان کو نئے فنڈز فراہم کریگا۔امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ امریکا نے کرونا کے خلاف ہنگامی امداد کے لیے پاکستان کو ترجیحی ملک میں رکھا ہے، لیب اور کرونا وائرس کی نشاندہی کے لیے پاکستان کو 10 لاکھ ڈالر کے نئے فنڈز فراہم کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ امریکا کروناوائرس کے خلاف لڑائی میں پاکستان کیساتھ کھڑا ہے۔ امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ امریکا اور پاکستان عالمی سطح پر صحت سے متعلق چیلنجز سے نمٹنے کے لیے دیرینہ شراکت دار ہیں اور سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول (سی ڈی سی)سے 100 سے زائد فارغ التحصیل پاکستانی گلگت بلتستان اور پنجاب میں کرونا کے معاملات کی تحقیقات کر رہے ہیں۔پال جانز کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کو جیکب آباد انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے قیام کے لیے 18 ملین ڈالر فراہم کیے گئے جبکہ خیبرپختونخوا کو 13 جدید ایمبولینسیں بھی فراہم کر رہے ہیں۔واضح رہے کہ پاکستان میں بھی کورونا وائرس کی وباء تیزی سے پھیل رہی ہے اور متاثر افراد کی تعداد 1179 تک جا پہنچی ہے ، سب سے زیادہ کیسز صوبہ سندھ میں رپورٹ ہوئے جبکہ وائرس سے اب تک 9 افراد جاں بحق اور 21 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں