احساس جنوبی ایشیامیں سماجی تحفظ کا سب سے بڑا پروگرام بن چکاہے،عالمی بینک

اسلام آباد(سی این پی)پاکستان میں عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹرالانگوپیچوموتو نے کہاہے کہ کوروناوائرس کی عالمگیروباکے معیشت پرپڑنے والے اثرات کوکم کرنے میں نقدامداد کی فراہمی (کیش ٹرانسفر)کا پروگرام اہم کردارادا کرے گا، احساس جنوبی ایشیامیں سماجی تحفظ کا سب سے بڑا پروگرام بن چکاہے۔ انہوں نے یہ بات سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹوئٹرپرجاری پیغام میں کہی ہے۔انہوںنے کہاکہ پاکستان کی 24 فیصد آبادی غربت کی لکیرسے نیچھے زندگی بسرکررہی ہے اورانہیں امدادکی فوری فراہمی کی ضرورت ہے، ان میں خواتین بھی شامل ہیں ، لاک ڈاون کی وجہ سے بے روزگارہونے والوں میں خواتین افرادی قوت کی ایک بڑی تعدادبھی شامل ہیں۔انہوں نے اپنے پیغام میں عالمی بنک کے ایک آرٹیکل کاحوالہ بھی دیاہے جس میں حکومت کے کیش ٹرانسفر پروگرام کوسراہاگیاہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت نے احساس کفالت پروگرام کومزیدبہترکردیاہے اوراب اس پروگرام سے 7.5 ملین مزید غریب خاندانوں کوشامل کیاگیاہے،اس پروگرام کیلئے 4 کروڑ،60 لاکھ کے قریب درخواستیں موصول ہوئی ہیں جن میں سے 73 لاکھ کی نشاندہی وتصدیق ہوئی ہیں جنہیں 12 ہزارروپے نقدامدادفراہم کی گئی۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں غریب ومستحق خاندانوں کوامداد کی فراہمی کاعمل اسلئے جلد ممکن ہوسکا ہے کیونکہ حکومت نے بی آئی ایس پی اوراحساس کفالت میں پہلے سے سرمایہ کاری کی تھی اوریہ جنوبی ایشیامیں سماجی تحفظ کا سب سے بڑا پروگرام بن چکاہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں