چکوال، بازاروں میں ریکارڈ رش،انتظامیہ نے بھی چپ سادھ لی

چکوال(سی این پی) مقامی پبلک ٹرانسپورٹ کھل جانے سے لاک ڈاﺅن تقریباً ختم ہوگیا ہے البتہ بڑی کوچز اورگاڑیاں ابھی تک سڑکوں پر نہیں آسکیں کہ ان بڑی گاڑیوں کا حکومتی ایس او پیز کیساتھ اختلاف ہے۔ چکوال شہر کے تمام کاروباری مراکز،بازاراور مارکیٹیں عوام سے بھری ہوئی ہیں اور چونکہ عید الفطر قریب ہے اور اس وقت بازاروں میں ریکارڈ رش ہے، حکومتی قواعد و ضوابط ہوا میں اڑا دیے گئے ہیں۔60فیصد سے لوگوں نے ماسک بھی نہیں پہن رکھا، سماجی فاصلوں کی بات تو بڑی دور کی ہے۔ کئی مقامات پر عوام کا ہجوم ہے اور کندھے سے کندھا ملا ہوا ہے۔ سڑکیں ،کاروں ، رکشوں، گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں سے بھری ہوئی ہیں۔ لوگ دیوانہ وار کورونا وائرس سے بے پرواہ خریداری میں مصروف ہیں۔ انتظامیہ نے بھی چپ سادھ لی ہے اور سپریم کورٹ کے حکم کے بعد تو ویسے ہی نرمی ہی نرمی ہے۔ دکانداروں نے بھی حکومتی قواعدو ضوابط پر عمل درآمد نہ ہونے کے برابر کر رکھا ہے۔ بینکوں کے باہر بھی عوام کی لائنیں لگی ہیں۔ پبلک ٹرانسپورٹ کے چلنے سے ملک کے طول و عرض میں بسنے والے چکوالی واپس آئیں گے تو یقینی طور پر کورونا کے حوالے سے خدشات اور تحفظات بہرحال موجود ہیں۔ یہ الگ بات ہے کہ ٹیسٹ نہ ہونے کی وجہ سے ضلع چکوال میں کورونا کے حوالے سے شانتی ہی شانتی بتائی جا رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں