سرحدی خلاف ورزی،چینی فوجیوں نے بھارتی اہلکاروں کی درگت بنا دی

لداخ(سی این پی)بھارت نے چین کے خلاف بھی محاز آرائی ترک نہ کی لیکن کرارا جواب ملتے ہی مذاکرات کی کوشش شروع کر دی، متنازع علاقے میں داخل ہونے پر چینی فوج نے بھارتی اہلکاروں کی درگت بنا دی۔ چینی فوجیوں نے مکے مار مار کر بھارتی اہلکاروں کے منہ سجا دیے جس کی ویڈیو میڈیانے حاصل کر لی ہے۔مشرقی لداخ کے علاقے میں بھارتی اہلکاروں کی چینی فوج سے جھڑپیں ہوئیں جب کہ سرحدی خلاف ورزی پر چین کی جانب سے بھارتی فوجیوں کو حراست میں لیے جانے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔ چینی فوج نے متنازع علاقے میں گشت کرنے والی بھارتی فوج کا ناطقہ بند کر دیا ہے، بھارت نے اعتراف کیا ہے کہ فوجیوں کو پکڑنے کی خبریں منظر عام پر آنے سے قومی مفاد مجروح ہو رہا ہے۔بھارتی فوج نے دعوی کیا کہ مشرقی لداخ کی سرحد پر چین نے گشت پر مامور ہمارے اہلکاروں کو نہیں پکڑا ہے۔مشرقی لداخ کی سرحد پر بھارت چین تنا ئوبرقرار ہے اور مذاکرات کے باوجود کشیدگی کم نہیں کی جا سکی ہے۔ بھارت کے توسیع پسندانہ عزائم پر چینی فوج نے منہ توڑ جواب دینے کے لیے پوزیشن مضبوط کر لی ہے، چینی فوج نے مشرقی لداخ میں 100 خیمے نصب کر لیے جس پر جارحیت میں پہل کرنے والے بھارت نے خوب واویلا کیا ہے۔ دوسری طرف بھارت نے پنگونگ جھیل اور دمچوک علاقے میں فوجیوں کی تعداد بڑھانا شروع کر دی ہے۔یاد رہے کہ بھارتی اہلکار مشرقی لداخ کے علاقے میں 5 مئی کو چینی فوج سے جھڑپیں کر چکے ہیں۔ چینی فوج نے بھارت کو کرارا جواب دیتے ہوئے درجنوں بھارتی اہلکاروں کو زخمی کر دیا تھا، میڈیا کے مطابق2 روزہ جھڑپوں کے نتیجے میں بھارتی فوج کو پیچھے ہٹنا پڑا تھا، شمالی سکم میں 9 مئی کو محاذکھولنے پر بھی بھارت کو منہ کی کھانا پڑی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں