ایران کا امریکا سے عوام پر تشدد روکنے کا مطالبہ

تہران(سی این پی) ایران نے امریکا میں جاری احتجاج کی لہر میں امریکی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنے عوام پر تشدد بند کرے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے نیوز بریفنگ میں کہا کہ امریکا پولیس کے ہاتھوں سیاہ فام شہری کی ہلاکت پر احتجاج کرنے والے اپنے ہی لوگوں پر تشدد کو بند کرے۔انہوں نے امریکی عوام کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ ریاست کے جبر پر دنیا نے آپ کی چیخ وپکار سن لی ہے، دنیا آپ کے ساتھ کھڑی ہے۔ترجمان نے امریکی حکام اور پولیس کو بھی مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اپنے لوگوں کے خلاف تشدد روکیں اور انہیں سانس لینے دیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم امریکی عوام سے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہیں، وہ پر امن طور پر احتجاج کررہے ہیں اور کسی نے کوئی تشدد نہیں کیا، انہیں بلا امتیاز دبایا جارہا ہے اور انتہائی تشدد کیا گیا۔ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے الزام لگایا کہ امریکا اپنے ہی گھر اور بیرونی ملکوں میں پرتشدد کارروائیوں میں ملوث رہا ہے۔واضح رہے کہ امریکا میں پولیس کے ہاتھوں سیاہ فام شہری کی ہلاکت پر دارالحکومت واشنگٹن سمیت مختلف ریاستوں میں شدید احتجاج جاری ہے جس میں پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں کے بعد کرفیو نافذ کیا گیا جب کہ مسلح افواج کو بھی تعینات کردیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں