نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کا ملک میں معمولات زندگی بحال کرنے کا فیصلہ

ویلنگٹن(سی این پی) نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جسینڈا آرڈرن نے ملک میں معمولات زندگی بحال کرنے کا فیصلہ کرلیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق دنیا بھر کی طرح نیوزی لینڈ میں بھی کرونا وائرس کے پیش نظر مختلف طرح کی پابندیاں عائد ہیں تاہم کرونا پر قابو پانے کے بعد حکومت نے پابندیوں کے خاتمے کا فیصلہ کرلیا ہے۔رپورٹ کے مطابق اپنے ایک بیان میں جسینڈا آرڈرن کا کہنا تھا کہ وہ آئندہ ہفتے نیوزی لینڈ میں نافذ العمل سماجی فاصلے سے متعلق تمام پابندیاں ختم کرسکتی ہیں اور ممکنہ طور پر ملکی بارڈرز بھی کھول دیے جائیں گے۔حکومت نے اب تک کوئی حتمی اعلان نہیں کیا۔ نیوزی لینڈ میں گزشتہ 2 ماہ سے چوتھی ڈگری(سخت)کا لاک ڈائون نافذ ہے تاہم اب ممکنہ طور پر لاک ڈائون میں نرمی کی جائے گی، لاک ڈان کو پہلی ڈگری(نرم)میں منتقل کردیا جائے گا۔لاک ڈائون میں نرمی اور پابندیوں کے خاتمے سے متعلق حتمی اعلان پیر کو ہوگا۔نیوزی لینڈ حکومت نے کرونا پر قابو پانے کے بعد حالیہ دنوں کچھ پابندیوں کا خاتمہ کیا تھا اور اسی بنیاد پر پرکھا جائے گا کہ مذکورہ اقدامات سے ملک میں مہلک وبا میں اضافہ تو نہیں ہوا، مثبت نتائج کی صورت میں تمام پابندیاں ختم ہوجائیں گی۔ ملک میں وائرس سے متعلق جائزہ لیا جارہا ہے۔یاد رہے 27 اپریل کو نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن نے کرونا وائرس کے خلاف جنگ میں فتح کا اعلان کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں