مصری صدر کے بیانات کھلی مداخلت اور اعلان جنگ ہیں،جنرل عبدالہادی

طرابلس(سی این پی)لیبیا کی فوج نے کہا ہے کہ مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی کے بیانات لیبیا کے داخلی معاملات میں کھلی مداخلت اور اعلان جنگ کی حیثیت رکھتے ہیں۔مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی کی طرف سے لیبیا کے شہروں کے بارے میں “سیرتہ اور جفرا ہماری ریڈ لائن ہیں” کا بیان جاری ہونے کے بعد لیبیا فوج سے منسلک سیرتہ اور جفرا محکمہ کمبائن آپریشن کے ترجمان جنرل عبدالہادی دیراہ نے تحریری بیان جاری کر کے سیسی کے خلاف ردعمل کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ سیسی کا سیرتہ اور جفرا کو اپنی ریڈ لائن قرار دینا ہمارے ملکی معاملات میں کھلی مداخلت ہے۔ ہم اسے لیبیا کے خلاف کھلا اعلان جنگ سمجھ رہے ہیں۔دیراہ نے کہا ہے کہ ہماری دلیر فوج نے جس راستے پر قدم رکھا ہے اسے مکمل کرنے اور باقی ماندہ تمام علاقوں کو دہشت گرد حفتر ملیشیا، کرائے کے جنگجووں اور ان کے حامیوں کے قبضے سے آزاد کروانے کے بارے میں پر عزم ہے۔لیبیا ہائی کونسل کے رکن عبدالرحمن شاطر نے بھی فوج کے دورے کے دوران مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی کے بیانات کے خلاف ردعمل کا اظہار کیا ہے۔انہوںنے ٹویٹر سے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ سیسی لیبیا کی سلامتی کے معاملے میں حساسیت کے دعوے دار ہیں لیکن مصر 4 سال سے ہمارے ملک میں مداخلت کر رہا ہے۔عبدالرحمن نے سیسی کو مخاطب کر کے کہا ہے کہ جمہوریت کی بیخ کنی اور ہمارے لئے ناقابل قبول فوجی کو واپس اقتدار میں لانے کے معاملے میں آپ کے اصرار کی وجہ سے لیبیا کی سلامتی خطرے میں ہے۔شاطر نے کہا ہے کہ سیسی کے بیانات جنگ کے بگل بجا رہے ہیں۔ ہمارے اوپر سے اپنا دباو ہٹائیں۔ یمن کے المیے کو مت دوہرائیں۔دوسری طرف طرابلس کی پارلیمنٹ نے سوشل میڈیا پیج سے جاری کردہ بیان میں سیسی کے بیانات کو “لیبیا پر حملہ” قرار دیا ہے اور حکومت سے ان دھمکیوں کا موزوں وقت اور موزوں زبان میں جواب دینے کا مطالبہ کیا ہے۔واضح رہے کہ سیسی نے کل مصر کے مغرب میں متعین ائیر فورس یونٹوں کا دورہ کیا اور یہاں فوج سے خطاب میں کہا تھا کہ ضرورت پڑنے پر مصر کی فوج سرحد پار بھی فرائض ادا کرے گی۔انہوں نے لیبیا کے ساحلی شہروں کا نام لے کر کہا تھا کہ سیرتہ اور جفرا ہماری ریڈ لائن ہیں۔ لیبیا کا دفاع لیبیا کے باشندوں کے علاوہ اور کوئی نہیں کر سکے گا۔ ہم مدد اور تعاون کے لئے تیار ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں