حکومت کا پاکستان اسٹیل کے لیے 11 ارب 44 کروڑ روپے کا اعلان

اسلام آباد(سی این پی)حکومت کی جانب سے پاکستان اسٹیل کے لیے 11 ارب 44 کروڑ روپے کا اعلان کیا گیا ہے، یہ رقم اسٹیل ملز کے ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات کی ادائیگی کے لیے ہے۔تفصیلات کے مطابق صدر مملکت کی طرف سے منظوری کے بعد وزارتِ خزانہ نے اسٹیل ملز کے لیے 11 ارب 44 کروڑ روپے جاری کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔تفصیلات کے مطابق یہ رقم نرم شرائط پر قرضے کی صورت میں فراہم کی جائے گی، اور اس کی واپسی 20 سال میں 5 سالہ اضافی رعایتی مدت میں ہوگی۔11 ارب سے اسٹیل ملز کے 90 فی صد بقیہ ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات ادا ہوں گے، اس سلسلے میں اے جی پی آر کو 11 ارب 44 کروڑ روپے نیشنل بینک بن قاسم برانچ میں ٹرانسفر کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔یاد رہے کہ گزشتہ ماہ قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں وزیر صنعت و پیداوار حماد اظہر نے کہا تھا کہ پاکستان اسٹیل ملز کی نج کاری نہیں ہوگی اور پرائیویٹ شراکت داروں کے ساتھ مل کر اسٹیل ملز کو چلایا جائے گا۔وفاقی وزیر نے بتایا کہ 2008 میں اسٹیل ملز کے فنڈ میں 10 ارب موجود تھے، ساڑھے 4 ہزار اسٹیل ملز ملازمین کو 2010 میں مستقل کیا گیا، ادارے کی 2010 میں اوسط پیداوار 40 فی صد ہو گئی اور بعد میں صرف 6 فی صد رہ گئی، 2015 میں اس ادارے کو بند کر دیا گیا۔وفاقی وزیر نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ 5 سال تک ملازمین کو اربوں روپے کی تنخواہیں اور پنشنز دی گئیں، شروع سے ہی ملازمین کی تعداد بہت زیادہ تھی، اسٹیل ملز کا خسارہ 225 ارب روپے سے زائد ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں