العزیزیہ و ایون فیلڈ ریفرنسز، نواز شریف کے وارنٹ کی تعمیل کرادی گئی

اسلام آباد(سی این پی) دفترخارجہ کی جانب سے العزیزیہ و ایون فیلڈریفرنسز میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے وارنٹ کی تعمیل کرادی گئی، نواز شریف کے وارنٹ گرفتاری حسن نواز نے وصول کیے۔تفصیلات کے مطابق دفترخارجہ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے وارنٹ گرفتاری کی تعمیلی رپورٹ ہائی کورٹ میں جمع کرادی ، رپورٹ میں بتایا گیا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم پر العزیزیہ و ایون فیلڈریفرنسز میں نواز شریف کے وارنٹ کی تعمیل کرادی گئی۔دفترخارجہ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف کے وارنٹ گرفتاری حسن نواز نے وصول کیے، برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمیشن نے نواز شریف کو ڈاک کے ذریعے وارنٹ بھیجے تھے۔یاد رہے اسلام آباد ہائیکورٹ نے نواز شریف کے ناقابل ضمانت دائمی وارنٹ جاری کئے تھے اور کاپی وزارت خارجہ کو بھجوادی تھی ، وارنٹ میں دفتر خارجہ کو برطانیہ میں ہائی کمیشن کے ذریعے وارنٹ کی تعمیل کا حکم دیا گیا تھا۔نوٹس میں کہا گیا تھا کہ نواز شریف کی 22 ستمبر اور دیگر تاریخوں پر حاضری یقینی بنائی جائے جبکہ ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنس اپیلوں پر سماعت کیلئے آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں پیش ہوں۔یاد رہے اسلام آباد ہائیکورٹ نے پندرہ ستمبر کو العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا حکم دیا اور ریفرنس میں ضمانت کا حکم ختم کردیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں