روٹی کتنے کی ملے گی؟ سرکاری نرخ نامہ جاری

کوئٹہ(سی این پی) ڈائریکٹریٹ جنرل اینڈ کامرس نے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونک دی، کم وزن روٹی کی قیمت 20 روپے مقرر کر دی۔تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں ڈائریکٹریٹ جنرل اینڈ کامرس نے سرکاری نرخ نامہ جاری کر دیا، جس کے مطابق کم وزن روٹی 20 روپے میں ملے گی۔روٹی کا وزن 280 سے گھٹا کر 250 گرام کر دیا گیا، نان بائی پہلے ہی 280 گرام کی روٹی 20 روپے میں فروخت کر رہے تھے، جب کہ اس سے قبل 380 گرام روٹی 20 روپے میں فروخت ہو رہی تھی۔ادھر عوام 500 گرام کی روٹی 40 روپے میں خریدنے پر مجبور ہیں۔ بلوچستان کے دارالحکومت میں روٹی بلیک میں بھی فروخت ہونے لگی ہے، گیس بندش کی وجہ سے ریستوران مالکان نے روٹی کی قیمت 60 روپے کر دی۔کوئٹہ میں گیس کی بندش کے باعث شہریوں کی زندگی اجیرن ہو چکی ہے، شہر کے مختلف علاقوں میں گیس کی بندش سے گھر میں روٹی بنانا مشکل ہوگیا ہے، اس موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ریستورانز نے روٹی مہنگے داموں فروخت کرنی شروع کر دی ہے، جہاں آدھی روٹی 30 جب کہ پوری روٹی 60 روپے کی بیچی جا رہی ہے۔کوئٹہ میں دو ہفتوں سے روز آٹے کی قیمتوں میں کمی کے لیے نان بائی ایسوسی ایشن کی ہڑتال جاری ہے جب کہ ایسوسی ایشن نے آٹے کی قیمتوں میں کمی نہ کرنے کی صورت میں وزیر اعلی ہائوس کے باہر دھرنے کا اعلان بھی کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں