وفاقی حکومت کا ٹیکس نیٹ بڑھانے کیلئے آگاہی مہم شروع کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد (سی این پی)وفاقی حکومت نے ٹیکس نیٹ بڑھانےکیلئےآگاہی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے آگاہی مہم کا پلان ترتیب دے دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے ٹیکس نیٹ بڑھانے کیلئے آگاہی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا اور وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پرآگاہی مہم کا پلان ترتیب دے دیا گیا۔وزیر اعظم عمران خان کو ٹیکس نیٹ بڑھانے پر ابتدائی بریفنگ دی گئی ، معاون خصوصی برائے ریونیو ڈاکٹر وقار مسعود نے ٹیکس نیٹ مہم پر بریفنگ دی۔بریفنگ میں بتایا گیا ٹیکس ذمہ داریوں سےمتعلق ایف بی آر آگاہی مہم چلائے گا ، آگاہی مہم میں ٹیکس وصولی بڑھانے کے پیغامات درج ہوں گے، وزیر اعظم عمران خان نے ٹیکس آگاہی مہم پر اطمینان کا اظہار کیا۔یاد رہے وزیراعظم عمران خان نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور ٹیکس کے نظام میں ٹیکنالوجی متعارف کروانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ غیر ضروری ودہولڈنگ ٹیکسز کے خاتمے پر خصوصی توجہ دی جائے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت کے استحکام کیلئےٹیکس بیس میں اضافہ کلیدی اہمیت کا حامل ہے، ایف بی آر کو جدید خطوط پر استوار کرنا حکومتی ترجیحات کا حصہ ہے۔انھوں نے مزید کہا تھا ٹیکس گزاروں کے لئے نظام خصوصاگوشواروں کا نظام آسان بنایا جائے، چھوٹی اور درمیانی درجے کی صنعتوں کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے، تاجروں کیلئےآسانیاں پیدا کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں