ملک میں کہیں بھی گیس لوڈ شیڈنگ نہیں کی جارہی،پیٹرولیم ڈویژن کا دعوی

اسلام آباد(سی این پی)پیٹرولیم ڈویژن کا کہنا ہے کہ ملک میں کہیں بھی گیس لوڈ شیڈنگ نہیں کی جارہی، گیس دبائو میں کمی کی شکایات کو حل کیا جا رہا ہے۔تفصیلات کے مطابق ترجمان پیٹرولیم ڈویژن کا دعوی ہے کہ ملک میں کہیں بھی گیس لوڈ شیڈنگ نہیں کی جارہی، ترجمان کا کہنا ہے کہ گھریلو، انڈسٹریل اور کمرشل صارفین کے لیے کسی قسم کی لوڈشیڈنگ نہیں کی جا رہی۔ترجمان کا کہنا ہے کہ گیس دبائو میں کمی کی شکایات کو حل کیا جا رہا ہے، دونوں گیس کمپنیاں گیس فراہمی نارمل رکھنے میں سرگرم عمل ہیں۔ترجمان کی جانب سے مزید کہا گیا کہ گیس کمپریسر کا استعمال غیر قانونی ہے، گیس کمپریسر کے استعمال میں ملوث افراد سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔دوسری جانب صوبہ سندھ کے وزیر توانائی امتیاز شیخ نے گیس بحران کا معاملہ سندھ اسمبلی میں اٹھانے کا اعلان کیا ہے۔امتیاز شیخ کا کہنا ہے کہ وفاق قدرتی گیس کی منصفانہ تقسیم نہیں کر رہا، وفاق آرٹیکل 158 کی خلاف ورزی کر رہا ہے، صوبائی حکومت وفاقی ناانصافیوں پر عدالت جانے پر قانونی مشاورت کر رہی ہے۔صوبائی وزیر کا مزید کہنا ہے کہ سندھ کے عوام کو ہر صورت انصاف دلا کر رہیں گے، حکمرانوں کی کرپشن کی سزا عوام بھگت رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں