اسپیکر چوہدری پرویز الہی پنجاب حکومت پر برہم

لاہور(سی این پی)پنجاب اسمبلی میں اسپیکر پرویز الہی صوبائی حکومت پر برہم ہو گئے۔ پنجاب اسمبلی کے ا جلاس میں اسپیکر پرویز الہی وزیر آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے لیے فنڈز جاری نہ ہونے پر برس پڑے۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی نے بجٹ منظور کیا، اگر فیصلوں کو نہیں ماننا تو اسے بند کردیا جائے، حکومت کے منصوبے کہیں نظر نہیں آ رہے کیونکہ فنڈز کا اجرا ہی نہیں ہو رہا۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی نے مفاد عامہ کے منصوبوں کے لیے فنڈز جاری نہ ہونے پر معاملہ اسمبلی کی خصوصی کمیٹی کے سپرد کر دیا۔دوسری جانب وزیر قانون راجہ بشارت نے 5 آرڈیننس کی مدت میں توسیع کے لیے قرار داد ایوان میں پیش کی جو منظور کرلی گئی، 4 قانونی مسودے بھی ایوان میں پیش کیے گئے، اپوزیشن نے ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ کر شدید نعرے بازی کی جب کہ حکومتی ارکان بھی نعرے لگانے لگے۔پنجاب اسمبلی میں کھوکھر برادران کے گھر کا معاملہ بھی زیر بحث رہا جس پر اپوزیشن رکن سمیع اللہ خان کے معاملے اٹھانے پر اسپیکر کا کہنا تھا کہ یہ کٹا نہ کھولیں ورنہ بہت کچھ سامنے آئے گا۔ دوسری جانب صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے بھی جاتی امرا کے معاملات ایوان میں اٹھا دیے۔پیپلزپارٹی کے رکن حسن مرتضی نے لطیفے سناتے ہوئے حکومت کو ہدف تنقید بنایا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں