سعودی عرب،خون کے عطیات دینے والوں کے لیے سول ایوارڈ کی منظوری

ریاض(سی این پی) سعودی عرب میں 50 بار سے زائد خون کے عطیات دینے والوں کو سول ایوارڈ دینے کی منظوری دے دی گئی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ایوان شاہی کی جانب سے 13 افراد کو متعدد بار خون کا عطیہ دینے پر تمغہ دینے کی منظوری دے دی گئی ہے۔ایوان شاہی کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ 10 سعودیوں اور 3 غیر ملکیوں کو 50 سے زائد بار خون کا عطیہ دینے پر سول ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔واضح رہے کہ ایوان شاہی کی جانب سے متعدد بار خون کا عطیہ دینے والوں کو اعزاز سے نوازا جاتا ہے۔اس ضمن میں متعدد بار خون کا عطیہ دینے والوں کا وزارت صحت کے زیر انتظام بلڈ بینک میں باقاعدہ ریکارڈ رکھا جاتا ہے۔مملکت کے مختلف شہروں میں قائم بلڈ بینکوں میں عطیہ کیا گیا خون جدید طریقے استعمال کر کے محفوظ کیا جاتا ہے۔ بعد ازاں انہیں ضرورت پڑنے پر مریضوں کو دیا جاتا ہے۔عطیہ کرنے والوں کی حوصلہ افزائی اور دوسروں کو اس امر کی ترغیب دینے کے لیے انہیں سول ایوارڈ سے نوازا جاتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں