بھارت میں کسانوں کا احتجاج جاری، پولیس کا وحشیانہ تشدد، کئی مظاہرین زخمی

نئی دہلی(سی این پی)بھارت میں کسانوں کا احتجاج جاری ہے، ظالم بھارتی پولیس نے دلی جانے والوں پر وحشیانہ تشدد کرکے کئی مظاہرین زخمی کر دیئے، کسان رہنمائوں نے خبردار کیا ہے کہ مطالبات تسلیم نہ کئے گے تو 26 جنوری کو بھارت کے یوم ِجمہوریہ پر ریلیاں نکالی جائیں گی۔26 نومبر سے جاری بھارتی کسانوں کے احتجاج میں شدت آ گئی، ہریانہ، پنجاب اور راجستھان بارڈر پر مظاہرین اور پولیس آمنے سامنے آ گئے۔ بھارتی پولیس نے دلی کی طرف ٹریکٹر مارچ کرتے کسانوں پرگولیوں کی بوچھاڑ کر دی۔ ضلع ریواڑی میں نہتے کاشتکاروں پر شیلنگ کی گئی، مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے پانی کی توپ بھی چلائی گئی، کارروائی میں متعدد کسان زخمی ہو گئے۔مشرقی پنجاب کے شہر سنگرور میں بی جے پی لیڈر کو جعلی کاشتکاروں کے ساتھ میٹنگ کرنا مہنگا پڑ گیا، کسان رکاوٹیں ہٹا کر ٹریکٹر ٹرالی سرکاری دفتر تک لے گئے، بی جے پی لیڈر کو جان چھڑا کر جانا پڑا۔کسان رہنمائوں کے مودی سرکار کے ساتھ مذاکرات کے چھے دور ناکام ہو چکے ہیں، مظاہرین نے واضح کیا ہے کہ مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو وہ 26 جنوری کو بھارت کے یوم ِ جمہوریہ پر ٹریکٹر ٹرالیوں کی ریلیاں نکالیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں