فضل الرحمان جہاں سے چاہیں سینیٹ کا الیکشن لڑیں،شیخ رشید

راولپنڈی(سی این پی)وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے میری خواہش ہے کہ مولانا فضل الرحمان الیکشن لڑیں۔راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اپوزیشن سے توقع رکھتا ہوں کہ وہ عقل کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑیں گے کیونکہ جس نے الیکشن لڑنا ہوتا ہے وہ مارکیٹ میں ہوتا ہے، جو بول رہے ہیں استعفے دیں گے، وہ اپنے فیصلے پر غور کریں۔ان کا کہنا تھا کہ سینیٹ الیکشن میں اوپن ووٹ میں اپوزیشن کو حصہ لینا چاہیے، میری خواہش ہے کہ مولانا فضل الرحمان الیکشن لڑیں اور وہ جہاں سے چاہیں سینیٹ الیکشن میں حصہ لیں۔ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ آج جو بھی یہ فیصلہ کریں گے، کل لال حویلی کے باہر جواب دوں گا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ سیاست بند گلی میں داخل ہونے کا نام نہیں ہے بلکہ ڈائیلاگ کا دوسرا نام ڈیموکریسی ہے لیکن میرا پیپلز پارٹی سے کوئی رابطہ نہیں ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں