نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا میں سونامی وارننگ جاری

کینبرا(سی این پی)بحر الکاہل میں زلزلے کے باعث نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا میں سونامی وارننگ جاری کردی گئی، عوام کو ساحلی پٹی پر جانے سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بحر الکاہل میں آئے زلزلے کے باعث جنوبی نصف کرہ کے مشرقی ممالک نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا میں سونامی وارننگ جاری کردی گئی ہے۔نیوزی لینڈ کے حکام نے اپنے شہریوں پر زور زیا ہے کہ وہ شمالی علاقوں میں ساحلی پٹی پر جانے سے گریز کریں۔بحر الکاہل میں لائلٹی آئلینڈز میں 7.7 شدت کا زلزلہ آیا، جس کے بعد جنوبی بحر الکاہل میں صورتحال تشویشناک دکھائی دیتی ہے، نیوزی لینڈ کے نیشنل ایمرجنسی منیجمنٹ ایجنسی کا کہنا ہے کہ لوگ سمندر کا رخ نہ کریں۔ایجنسی نے مزید کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کے ساحلی علاقوں سے سونامی کی بلند اور طاقت ور لہریں ٹکرانے کا خدشہ ہے۔دوسری جانب آسٹریلیا کے میٹرولوجی بیورو کی جانب سے بھی ساحلی علاقوں کے لیے سونامی وارننگ جاری کردی گئی ہے، امریکی سونامی وارننگ سسٹم نے بتایا ہے کہ سونامی کا خطرہ امریکن سموا، ویناتو، فجی اور نیوزی لینڈ کے لیے بھی موجود ہے۔بیورو کے مطابق سمندر میں زلزلے کے باعث لہریں ایک میٹر تک بلند ہورہی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں