تحریک لبیک کے مطالبات پر مشتمل قرارداد عید سے پہلے پارلیمنٹ میں پیش کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد(سی این پی) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں تحریک لبیک کے مطالبات پر مشتمل قرارداد عید سے پہلے پارلیمنٹ میں پیش کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت تحریک لبیک سے معاہدے سے متعلق اہم اجلاس ہوا، جس میں وفاقی وزرا شاہ محمود قریشی ، شیخ رشید، پیر نورالحق قادری سمیت دیگر شریک ہوئے۔اجلاس میں تحریک لبیک سے ہونے والے معاہدے پر عملدرآمد پر غورکیا گیا اور فرانس کے سفیر کی ملک بدری کی قرارداد ایوان سے منظور کرانے کی تجویز پر مشاورت کی گئی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں تحریک لبیک کے مطالبات پر مشتمل قرارداد عید سے پہلے پارلیمنٹ میں پیش کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا گیا تحریک لبیک سے معاہدے پر عملدرآمد کے لیے کمیٹی دیگر جماعتوں سے بھی بات کرے گی۔خیال رہے حکومت نے تحریک لبیک سے معاہدے پر عملدرآمد کیلئے کمیٹی تشکیل دی تھی۔یاد رہے گذشتہ سال نومبر میں حکومت اور تحریک لبیک کے درمیان 4نکاتی معدہدہ طے پایا تھا ، جس کے تحت حکومت فرانس کے سفیر کو دو سے تین ماہ میں ملک بدر کرے گی، فرانسیسی سفیر کوپارلیمنٹ سے فیصلہ سازی کے ذریعے ملک بدر کیا جائے گا۔معاہدے میں کہا گیا تھا کہ پاکستانی حکومت فرانس میں سفیر تعینات نہیں کریگی اور فرانس کی مصنوعات کا سرکاری سطح پر بائیکاٹ کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں