میر پور،جعلی کورونا ٹیسٹ رپورٹس کے دھندے کا انکشاف،لیبارٹری مالک گرفتار

میرپور(سی این پی)میرپور میں کشمیری تارکین وطن کو بغیر منظوری ضلعی انتظامیہ اور ڈی ایچ او میرپورمرضی کا کورونا ٹیسٹ کر کے ان کی جیبیں صاف کرتے ہوئے راتوں رات امیر بننے کے دھندے کا انکشاف۔ ڈپٹی ڈرگ کنٹرولر ڈاکٹر ظہیر الدین بابر، تحصیلدار سید کلیم عباس اور ایس ایچ او تھانہ تھوتھال زوہیب طاہر نے چھاپہ مار کر جعلی ٹیسٹ رپورٹیں تیار کرنے والے ڈاکٹرز ہسپتال کے لیبارٹری مالک محمد سعید قادری کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق تارکین وطن کے شہر میرپور جسے منی لندن بھی کہا جاتا ہے میںکشمیری تارکین وطن کو برطانیہ جانے سے قبل کورونا نیگٹیو ٹیسٹ رپورٹ ضرور ساتھ رکھنا پڑتی ہے۔ برطانیہ سے میرپور آنے اور میرپور سے برطانیہ جانیوالے تارکین وطن اور ان کے عزیز و اقارب کی جانب سے کورونا ٹیسٹ جعلی ہونے کی شکایات بڑھنے سے میرپور میں ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت عامہ کے ضلعی حکام نے اس کی چھان بین سختی سے شروع کر دی۔ اس دوران بعض پرائیویٹ ہسپتالوںکی لیبارٹریوں کی ٹیسٹ رپورٹوںاور کورونا ٹیسٹ کرنے کے اجازت نامہ کے پیش نظر عوامی مفاد میں چیکنگ کو مزید سخت کیا گیا۔ جس کے دوران انتظامیہ اور محکمہ صحت عامہ کے ذمہ داران ڈپٹی ڈرگ کنٹرولر ضلع میرپور ظہیر الدین بابر،تحصیلدار میرپورسید کلیم عباس نے ایس ایچ او تھانہ تھوتھال میرپور زوہیب طاہر کے ہمراہ ڈاکٹرز ہسپتال ایف ون میرپور کی لیبارٹری میںچھاپہ مار کر شمشیر حسین سکنہ بلوارہ ضلع میرپور کی شکایت پر لیبارٹری مالک محمد سعید قادری سکنہ نیو سٹی میرپور کو گرفتار کر کے دفعہ 470/APC411, 465/468مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ڈپٹی ڈرگ کنٹرولر ظہیر الدین بابر کا کہنا ہے کہ حکومتی ہدایات کی روشنی میں کورونا وبا کی ایس او پیز کے مطابق عوامی سہولت کیلئے بعض پرائیویٹ لیبارٹریوں کو کورونا وباء کے ٹیسٹ کرنے کی اجازت باقاعدہ رجسٹریشن کے بعد دی گئی ہے جو روزانہ کی بنیاد پر اپنی رپورٹوں سے متعلقہ انتظامیہ اور ڈی ایچ او آفس میرپورمیںمطلع کرنے کے پابند ہیں جبکہ مذکورہ ہسپتال کی لیبارٹری میںبدوں منظوری ورجسٹریشن کورونا کے ٹیسٹ جعلی و فرضی طور پر تیار کر کے تارکین وطن کی جیبوں پر ہاتھ صاف کرتے ہوئے کورونا وبا کو بڑھانے میںمدد دی جا رہی ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق ڈپٹی ڈرگ کنٹرولر نے پولیس سے اس گروہ کی مکمل چھان بین کر کے حکام کو رپورٹ کرنے کی استدعا کی ہے کہ انسانی زندگیوں سے کھیلنے والوں کو بے نقاب کیا جائے جو ضلعی انتظامیہ اور ضلعی افسر صحت عامہ کی منظوری و رجسٹریشن کے بغیر کورونا وبا کے پھیلانے کا موجب بن رہے ہیں۔ تحصیلدار میرپورسید کلیم عباس نے بتایا کہ محمد سعید قادری نے جعلی ٹیسٹ رپورٹ تیار کر کے دینے کا دھندہ تین ماہ سے جاری رکھا ہوا تھا۔ جبکہ متاثرہ فریق شمشیر حسین نے کہا ہے کہ ملزم سعید قادری نے ہماری عزیزہ کی کورونا ٹیسٹ رپورٹ مثبت دیکر پہلے چھ ہزار اور بعدازاں 24ہزار روپے لیکر منفی رپورٹ دے دی اور اب جعلی کورونا ٹیسٹ رپورٹ بنانے والے ڈاکٹرز ہسپتال کی لیبارٹری کےمالک سعید قادری کی گرفتاری کے بعد میرپور میںجعلی اور فرضی کورونا ٹیسٹ رپورٹوںکی تیاری سمیت تارکین وطن کو لوٹنے کا دھندہ بھی کافی حد تک کم ہو کر رہ جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں