کورونا وائرس ، مسجدالحرام میں بغیر اجازت عمرہ ادائیگی پر جرمانے کا فیصلہ

ریاض(سی این پی)سعودی انتظامیہ نے کرونا کا پھیلائو روکنے کیلئے رجسٹریشن کے بغیر عمرہ اور نماز کیلئے مسجد الحرام میں جانے پر جرمانے عائد کردئیے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق خادمین الحرمین الشرفین کی جانب سے ریاست میں کرونا وائرس کی مہلک وبا کا پھیلائو روکنے کیلئے متعدد موثر اقدامات اٹھائے گئے ہیں لیکن حالیہ دنوں میں سعودی انتظامیہ نے مسجد الحرام میں بغیر رجسٹریشن نماز پڑھنے پر جرمانے کرنے کا فیصلہ کرلیا۔وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ مسجد الحرام میں احتیاطی تدابیر کا نفاذ رمضان المبارک سے ہوگا، جس کے تحت بغیر اجازت نامہ عمرہ ادا کرنے والوں پر 10 ہزار ریال جرمانہ عائد ہوگا۔وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ اجازت نامے کے بغیر مسجد الحرام میں داخل ہونے پر ایک ہزار ریال جرمانہ ہوگا، یہ جرمانے کرونا وبا کے خاتمے کے اعلان تک برقرار رہیں گے۔خیال رہے کہ سعودی عرب میں کرونا میں مبتلا افراد کی تعداد تین لاکھ پچانویں ہزار آٹھ سو چوون (395,854) ہے جس میں سے 6 ہزار 728 مریض انتقال کرچکے ہیں جبکہ 381,658 صحتیاب ہوچکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں