جاتی عمرہ اراضی کیس،نیب کو مریم کی گرفتاری سے 10 روز قبل آگاہ کرنے کا حکم

لاہور(سی این پی)لاہور ہائیکورٹ نے جاتی عمرہ اراضی کیس میں نیب کو مریم نواز کی گرفتاری سے 10 سے روز قبل آگاہ کرنے کاحکم دیا ہے۔لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے جاتی عمرہ اراضی کیس میں مریم نواز کی درخواست ضمانت پر سماعت کی جس سلسلے میں مریم نواز عدالت میں پیش ہوئیں جب کہ نیب کی جانب سے اسپیشل پراسیکیوٹر فیصل بخاری عدالت میں پیش ہوئے۔نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ مریم نواز کے وارنٹ گرفتاری جاری نہیں کیے گئے اور اس حوالے سے 10 اپریل کو جواب جمع کرایا گیا ہے۔مریم نواز کے وکیل اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ نیب کو پابند کیاجائے کہ وارنٹ جاری کرنے سے 10 روز قبل اطلاع کی جائے، اس پر نیب پراسیکیوٹر نے جواب دیا کہ اعظم نذیر کو اطلاع کردی جائےگی۔عدالت نے اعظم نذیر کو ہدایت کی کہ وارنٹ کے اجرا پر آپ عدالت سے رجوع کرسکتے ہیں۔بعد ازاں عدالت نے مریم نواز کی درخواست ضمانت نمٹاتے ہوئے نیب کو ان کی گرفتاری سے دس روز قبل آگاہ کرنے کا حکم دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں