سعودی فرماں روا اور ترک صدر کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ

استنبول(سی این پی)سعودی فرماں روا شاہ سلمان اور ترک صدر طیب اردوان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔ میڈیا کے مطابق شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور رجب طیب اردوان کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو میں باہمی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیاہےکہ سعودی فرماں روا اور ترک صدر کے درمیان ایک ماہ سے کم عرصے میں یہ دوسرا ٹیلی فونک رابطہ ہے۔ترکی کے ڈائریکٹوریٹ تعلقہ عامہ کا کہنا ہےکہ شاہ سلمان اور طیب اردوان نے دونوں ممالک کے تعلقات پر پڑنے والے مسائل کا جائزہ لیا اور مزید تعاون کے لیے اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا۔ترک صدر کے ترجمان نے چند روز قبل جاری بیان میں بتایا تھا کہ ترک صدر اور سعودی فرماں روا کے درمیان اپریل میں بھی ٹیلی فونک رابطہ ہوا تھا جو انتہائی مثبت رہا جس کے بعد دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کی ملاقات پر اتفاق ہوا تھا۔خیال رہے کہ 2018 میں سعودی صحافی جمال خاشقجی کو ترکی میں واقع سعودی سفارتخانے میں قتل کیا گیا تھا جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات خراب ہوئے تھے جب کہ اب ترکی کی جانب سے بھی سعودی عرب سے تعلقات کی بہتری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں