پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے کا کام ہر صورت مکمل کیا جائے گا،شیخ رشید

اسلام آباد(سی این پی) شیخ رشید نے کہا ہے کہ ملک دشمن عناصر حوصلے پست نہیں کر سکتے، پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے کا کام ہر صورت مکمل کیا جائے گا۔وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعہ کی مذمت اور ایف سی اہلکاروں کی شہادت پر دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایف سی اہلکاروں پر فائرنگ کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے۔واضح رہے پاک افغان بارڈر پر باڑ تنصیب میں مصروف ایف سی کے اہلکاروں پر سرحد پار سے دہشتگردوں نے حملہ کیا جس کے نتیجے میں فرنٹیئر کانسٹیبلری کے حوالدار سمیت 4 جوان شہید جب کہ 6زخمی ہوگئے۔مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ افغانستان میں موجود دہشت گردوں نے بلوچستان کے ضلع ژوب کے علاقے مانزاکئی سیکٹر میں حملہ کیا۔ ایف سی کے جوان سرحد پر باڑ لگانے کے عمل میں مصروف تھے۔ ایف سی نے دہشتگردوں کی فائرنگ کا موثر انداز میں فوری جواب دیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں کے حملے میں ایف سی کے چار جوان شہید جب کہ چھ زخمی ہو گئے، زخمیوں کو فوری طور پر کمبائنڈ ملٹری ہسپتال کوئٹہ منتقل کر دیا گیا۔ شہید ہونے والوں میں حوالدار نور زمان، نائیک سلطان، سپاہی احسان اللہ اور سپاہی شکیل عباس شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں