کورونا کی تیسری لہر ، اسد عمر کا پابندیوں میں نرمی کا عندیہ

اسلام آباد(سی این پی) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے سربراہ اسد عمر نے کورونا کے باعث پابندیوں میں نرمی کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کوشش کررہے ہیں کہ کچھ بندوشوں میں نرمی کی جائے تاہم فوری طور پر زیادہ چیزیں کھولیںتو ایسا نہ ہوکہ دوبارہ سب کچھ بندکرناپڑجائے۔تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے سربراہ اسد عمر نے این سی او سی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ابھی تک ویکسی نیشن کا تجربہ اچھا رہا ہے ، پاکستان میں ویکسین سے کسی قسم کے سائیڈ افکیٹس نہیں آئے، ابھی تک بالکل واضح ہے کہ ویکسی نیشن بالکل محفوظ ہے۔اسد عمر کا کہنا تھا کہ اسلام آبادایف نائن پارک میں ویکسی نیشن سینٹرکاانتظام کیاہے ، ایف نائن پارک میں 75کانٹربنائے جارہے ہیں، ایک دن میں 7ہزار سے زائدویکسی نیشن کی جائیگی اور 60سال سے زائدعمرکے لوگوں کوانتظارنہیں کرناپڑیگا۔سربراہ این سی او سی نے کہا ساتھ ساتھ مہم کاآغازکرنے جارہے ہیں،جس کے نام پر بات چیت چل رہی ہے، اسلام آبادکے شہری ویکسی نیشن مہم میں بھی دکھائیں کہ یہ ماڈل شہرہے، ہم اسلام آباد انتظامیہ کیساتھ ملکرکام کررہے ہیں، ہمیں تاجرتنظیموں کے ساتھ بھی میٹنگز کرنی ہیں، انشااللہ اسلام آباد کو کورونا فری بنانا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اللہ کرے پاکستان معمول کے حالات کی طرف جائے، ہم سب نے یورپ اوراپنے خطے میں ہولناک مناظرخطے میں دیکھے ہیں، ہم نے دیکھاکہ ہمارے اپنے خطے میں کیا ہورہا ہے۔اسد عمر نے کہا عیدکی چھٹیوں میں بھی ہمارے فورسزکے اہلکاروں نے کام کیا، وباکے پھیلائومیں اضافہ رکاہے لیکن وباختم نہیں ہوئی، اب بھی ساڑھے چار ہزار مریض اسپتالوں میں ہیں، تمام پاکستانیوں سے اپیل ہے جلد سے جلد ویکسین کرائیں۔ویکسی نیشن سینٹر کے حوالے سے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ہرجگہ ویکسی نیشن سینٹرکھولے جارہے ہیں، تمام ایم این اے،ایم پی ایزسے اپیل ہے اس مہم کو لیڈ کریں، یہ پورے پاکستان کی مہم ہے کسی ایک پارٹی کی نہیں۔لاک ڈائون سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ کوشش کررہے ہیں کہ کچھ بندشوں میں نرمی کی جائے ، تمام فیصلے آج ریلیزکردیے جائیں گے، ان میں دو چیزیں نظر آئیں گی، فوری طور پر زیادہ چیزیں کھولیں تو ایسا نہ ہوکہ دوبارہ سب کچھ بندکرناپڑجائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں