مقبوضہ کشمیر؛قابض بھارتی افواج کی پرتشددکارروائیاں،دونوجوانوں کوشہیدکر دیا

سری نگر(سی این پی)مقبوضہ کشمیرمیں قابض بھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشت گردی کی کارروائی کے دوران جنوبی کشمیر میں منگل کے روز ضلع پلوامہ کے اونتی پورہ علاقے میں دو نوجوانوں کو شہید کر دیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق اونتی پورہ میں بھارتی فوج کی راشٹریہ رائفلز اور جے اینڈ کے پولیس کی مشترکہ ٹیم نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کیا۔ جس کے دوران ہی سیکورٹی فورسز کی فائرنگ سے دو نوجوان شہید ہو گئے۔پولیس کے مطابق ایک شہید نوجوان کی شناخت عفید فاروق لون کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کا کہناہے کہ فاروق لون پر5 اگست کو ریاست میں آرٹیکل 370 کو ختم کرنے کے بعد پڈگام پورہ میں لوگوں کو کاروبار اور ٹرانسپورٹ کی سہولیات بند کرنے کی دھمکیاں دینے اور مار پیٹ کرنے کا الزام تھا۔ پچھلے دو ماہ سے زیادہ عرصے میں جنوبی کشمیر میں یہ پہلا آپریشن تھا جس میں دو نوجوان شہید ہوئے ہیں۔ مسلسل 65ویں روز بھی وادی کشمیر اور جموں کے مسلم اکثریتی علاقوں میں فوجی محاصرے اور مواصلاتی ذرائع کی معطلی سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہیں.

اپنا تبصرہ بھیجیں