کشمیریوں سے محبت ہمارے خون میں شامل ہے،جنرل زبیر محمود حیات

رسالپور(سی این پی)جنرل زبیر محمود نے کہا ہے کہ کشمیریوں سے محبت ہمارے خون میں شامل ہے، کشمیر تقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے، مسئلہ کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد ہونا چاہیے۔چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل زبیر محمود نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا پاکستان امن کا خواہاں ہے، ہماری خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے، خون کے آخری قطرے تک ملک کا دفاع یقینی بنائیں گے، بھارت میں نسلی اور مذہبی امتیاز کو فروغ دیا جا رہا ہے، پاکستان ایک ذمہ دار جوہری طاقت ہے، پاکستان تخفیف اسلحہ کی عالمی پالیسی پر عمل پیرا ہے، پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں اہم کردار ادا کیا، دہشتگردی کیخلاف جنگ میں کامیابی سے امن حاصل ہوا۔ادھر رسالپور پی اے ایف اصغر خان اکیڈمی میں کیڈٹس کی پاسنگ آئوٹ پریڈ ہوئی، تقریب کے مہمان خصوصی چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل زبیر محمود تھے۔ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے مہمان خصوصی کا استقبال کیا، مہمان خصوصی جنرل زبیر محمود حیات نے پریڈ دستوں کا معائنہ کیا۔ایئر چیف مارشل مجاہد انور مہمان خصوصی کے ہمراہ سلامی کے چبوترے پر آئے۔ کیڈٹس کے چاک و چوبند دستے نے مارچ پاسٹ کیا اور سلامی دی۔ اس موقع پر فوجی بینڈ نے دلوں کو گرما دینے والی دھنیں بکھیریں۔ مہمان خصوصی جنرل زبیر محمود حیات نے سکواڈرن نمبر 2 کو قائداعظم بینر عطا کیا۔142ویں جی ڈی پی، 88 ویں ایروناٹیکل انجینئرنگ کورس اور 23 ویں اے اینڈ ایس ڈی، 98 ویں اے ڈی کی پاسنگ آئوٹ پریڈ میں پاکستان سمیت دوست ممالک کے کیڈٹس پاس آٹ ہونیوالوں میں شامل ہیں۔ مہمان خصوصی جنرل زبیر محمود حیات نے پاس آٹ ہونیوالے کیڈٹس کو بیجز لگائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں