سید علی گیلانی نے پاکستان اور کشمیریوں سے وفا کا حق ادا کیا،شہبازشریف

لاہور(سی این پی) شہباز شریف نے کہا ہے کہ سید علی گیلانی نے پاکستان اور کشمیریوں سے وفا کا حق ادا کیا، مرد آہن ‘ہم پاکستانی، پاکستان ہمارا ہے’ کا نعرہ لگاتے دنیا سے رخصت ہوئے۔صدر ن لیگ و اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے علی گیلانی کی وفات پر رنج و غم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی کی وفات سے آزادی جموں و کشمیر کا تاریخ ساز عہد تمام ہو گیا، علی گیلانی نے حریت کی تابناک تاریخ رقم کی، جبرو استبداد کا کوئی ہتھکنڈا مرد حریت کا عزم صمیم متزلزل نہ کرسکا۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ علی گیلانی عظیم مجاہد، پختہ وابستگی کا چراغ، صاحب بصیرت قائد تھے، مرد درویش عمر بھر آزادی جموں و کشمیر کا پرچم تھامے رہے، علی گیلانی ولولہ انگیز تحریک آزادی، فکر کی صورت زندہ جاوید رہیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں