سی ایس ایس میں کامیاب ہونے والی پانچویں بہن

اسلام آباد(سی این پی )رواں برس ہونے والے سی ایس ایس کے امتحان میں کامیاب ہونے والی ایک امیدواراولپنڈی سے تعلق رکھنے والی ضحیٰ ملک شیر بھی ہیں ۔ ضحیٰ ملک شیر کی چار بڑی بہنیں پہلے ہی سی ایس ایس پاس کرکے مختلف سرکاری عہدوں پر فائز ہیں۔تفصیلات کے مطابق روااں برس سی ایس ایس امتحان کے لیے کُل 23 ہزار 234 امیدواروں نے رجسٹر کیا تھا جبکہ 14 ہزار 521 امیدواروں نے امتحان میں حصہ لیا، جن میں کل 372 امید وار ہی پاس ہوئے۔پاس ہونے والوں میں سے ایک ضحیٰ ملک شیر ہیں جو کہ سی ایس ایس کا امتحان پاس کرنے والی ایک ہی گھرانے کی پانچویں خاتون ہیں۔ ضحیٰ ملک شیر کی چار بڑی بہنیں پہلے ہی سی ایس ایس پاس کرکے مختلف سرکاری عہدوں پر فائز ہیں۔

پانچ بہنوں میں سب سے بڑی بہن لیلیٰ ملک شیر نے 2008 میں سی ایس ایس کا امتحان پاس کیا اور وہ اس وقت کراچی میں بورڈ آف ریونیو میں ڈپٹی کمشنر کے عہدے پر فائز ہیں۔ دوسری بہن شیریں ملک شیر نے 2010 میں سی ایس ایس پاس کیا اور اس وقت وہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی اسلام آباد میں ڈائریکٹر ہیں۔اسی طرح 2017 میں سسی ملک شیر اور ماروی ملک شیر نے سی ایس ایس کے امتحان میں حصہ لیا اور دونوں پاس ہوگئیں۔ سسی سی ای او لاہور کنٹونمنٹ میں زیرِ تربیت ہیں، جبکہ ماروی اسسٹنٹ کمشنر ایبٹ آباد ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں