شہنشاہ قوال استاد نصرت فتح علی کاآج 71وں یوم پیدائش ہے

فیصل آباد(سی این پی)موسیقی اور خصوصا قوالی کی دنیا میں منفرد مقام کے حامل استاد نصرت فتح علی خان کا آج 71واں یوم پیدائش ہے۔ آواز کا سحر آج بھی برقرارہے۔فیصل آباد کے معروف گھرانے سے تعلق رکھنے والے ممتاز قوال و موسیقار اور شہنشاہ قوال کے نام سے پہچانے جانے والے استاد نصرت فتح علی خان13 اکتوبر 1948کو پیدا ہوئے اور صرف سولہ برس کی عمر میں صوفی قوالی کا رنگ اپنایا ۔نصرت فتح علی نے قوالی کے 125 آڈیو البم ریلیز کیے جو کہ ایک ورلڈ ریکارڈ ہے۔اس کے علاوہ انہوں نے سینکڑوں کی تعداد میں یادگار غزلیں اور گیتوں کے ساتھ ملی نغمے بھی پیش کئے جن میں “میراپیغام پاکستان “سب سے زیادہ پسند کیاگیا۔ شہنشاہ قوال نصرت فتح علی نے بین الاقوامی سطح پر قوالی کومتعارف کروایا اور ان کی قوالی سے بے شمار غیر مسلم مسلما ن ہوئے ۔ بین الاقوامی سطح پر ان کا پہلا شاہکار 1995 میں ریلیز ہونے والی فلم”ڈیڈ مین واکنگ“ تھا جس کے بعد انہوں نے ہالی ووڈ کی ایک اور فلم ”دی لاسٹ ٹیم پٹیشن آف کرائسٹ“ کی بھی موسیقی ترتیب دی۔اس کے علاوہ انہوں نے قوالی پر کتابیں بھی لکھی گئیں جبکہ جاپان میں 1992میں’ شہنشاہ قوالی’کے نام سے کتاب بھی شائع کی گئی اورانہیں “گانے والے بدھا “کے لقب سے نوازا گیا ۔استاد نصرت فتح علی خان جگر اور گردوں کے عارضے میں مبتلا ہو کر 48 برس کی عمر میں 16 اگست 1997ء کولندن کے ایک ہسپتال میں اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔تاہم ان کی جاندار آواز کا سحر آج بھی برقرارہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں